لبیک اللھم لیبک، لاکھوں فرزندان توحید کا مزدلفہ میں قیام،آج نماز فجر کے بعد منی روانگی

لبیک اللھم لیبک، لاکھوں فرزندان توحید کا مزدلفہ میں قیام،آج نماز فجر کے بعد ...
لبیک اللھم لیبک، لاکھوں فرزندان توحید کا مزدلفہ میں قیام،آج نماز فجر کے بعد منی روانگی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مکہ مکرمہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)لاکھوں فرزندان توحید لبیک اللھم لیبک کی صدائیں بلند کرتے ہوئےمیدان عرفات میں حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کی ادائیگی کے بعد مزدلفہ پہنچ گئے،حجاج  میدان عرفات میں سورج غروب ہونے تک عبادات میں مصروف رہے اور دعائیں کیں،آج  نماز  فجر کے بعد  لاکھوں عازمین  حج منیٰ  روانہ ہوں گے اور منی پہنچ کر رمی اور سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کا عظیم  فریضہ سرانجام دیں گے ،دوسری طرف خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے فراہم کی جانیوالی خدمات کا جائزہ لینے منی پہنچ گئے۔

سعودی میڈیا کے مطابق لاکھوں  عازمین حج  پیدل  قافلوں کی صورت میں ،بسوں اور ٹرین کے ذریعے میدان عرفات سے رات گئے تک مزدلفہ پہنچ چکے ہیں جبکہ  حجاج نے مزدلفہ پہنچ کر رمی کے لیے کنکریاں چنیں اور رات بسر کی جبکہ  آج نماز فجر کے   بعد  حجاج کرام سورج طلوع ہونے تک مناجات کریں گے اور پھر منیٰ  کی طرف روانہ ہوں گے اور منی پہنچ کر رمی اور سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے لاکھوں جانور اللہ کی راہ میں قربان کریں گے ،حجاج کرام پیر اور منگل کو بھی رمی کریں گے، منیٰ میں آبا د خیموں کے شہر کے لئے تمام تر انتظامات مکمل ہیں  جبکہ عازمین حج کی سہولت کے لئے سعودی حکومت کی جانب سےسکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے ہیں ۔

 خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے فراہم کی جانیوالی خدمات کا جائزہ لینے منی پہنچ گئے  جہاں  انہوں   نے دنیا بھر سے آنے والے  حجاج کرام کے لئے سہولتوں  کا جائزہ لیا ۔دوسری جانب جمرات پل کی انتظامیہ نے ہر سال کی طرح اس سال بھی اعلان کیا ہے کہ حجاج کرام کو سامان سمیت پل تک جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ حج کے منصوبے کے مطابق حجاج مزدلفہ سے منیٰ آکر پہلے اپنے خیموں میں جائیں گے جہاں وہ اپنا سامان رکھیں گے پھر پروگرام کے مطابق اپنے طے شدہ وقت پر رمی کے لئے نکلیں گے ۔  سعودی وزارت حج کی جانب سے منیٰ میں مختلف مقامات پر اردو ، انگلش ، عربی اور دیگر زبانوں میں بورڈز نصب ہیں جن پر حجاج کے لئے ہدایات درج کی گئی ہیں۔سعودی وزارت صحت نے بھی مشاعر مقدسہ (منی ،مزدلفہ اور عرفات ) میں تمام ہسپتالوں کو ہر قسم کی سہولتیں فراہم کر کے کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدات کی ہے۔ مرکزی ہسپتالوں کے علاوہ صحت مراکز اور موبائل امدادی ٹیمیں دن بھر کام کرتی رہیں، ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے منیٰ اور عرفات میں ہسپتالوں نے بھرپور تیاریاں کررکھی ہیں۔

دوسری طرف پہلی  مرتبہ منیٰ میں حجاج کے قیام کے لیے سعودی حکومت نے جدید سہولتوں سے آراستہ مستقل خیمہ بستی قائم کردی ہے ،یہ خیمہ بستی منیٰ سے مزدلفہ تک پھیلی ہوئی ہے۔ ان خیموں میں حجاج کی سہولت کے لیے ائیر کنڈیشنرز بھی لگائے گئے ہیں۔ مکہ مکرمہ کے مختلف علاقوں سے خیمہ بستی تک عازمین حج کو بسوں اور ٹرین کے ذریعے پہنچانے کا انتظام کیا گیا ہے البتہ منیٰ کے نزدیک علاقے میں مقیم عازمین پیدل بھی اپنے خیموں تک جاسکتے ہیں۔ منیٰ کو مختلف مکاتب میں تقسیم کیا گیا ہے اور ان مکاتب کے ذمے دار معلمین نے عازمین حج کو روانگی سے قبل منیٰ میں قیام کے لیے رہ نما ہدایات جاری کر دی ہیں۔