عیدالاضحی اور چند غذائی احتیاطی تدابیر

عیدالاضحی اور چند غذائی احتیاطی تدابیر
عیدالاضحی اور چند غذائی احتیاطی تدابیر

  


عیدالاضحی پر قربانی کی روایت پر عمل یقینا سعادت ہے،مگر محض قربانی کی ادائیگی اہم نہیں، بلکہ چند باتوں کا خیال رکھنا بھی ناگزیر ہے۔ ان میں سب سے پہلے تو یہ کہ قربانی کے گوشت کے تین حصے کریں۔ایک عزیز و اقارب، دوسرا مستحقین اور تیسرا اپنے گھروالوں کے لئے وقف کریں۔

صفائی نصف ِ ایمان ہے لہٰذا عید ِ قرباں پر صفائی کا خاص خیال رکھتے ہوئے نہ صرف گھر صاف ستھرا رکھیں،بلکہ گلی، محلے کی صفائی کا انتظام بھی یقینی بنائیں۔ قربانی کی آلائشوں کو مناسب جگہ پر ٹھکانے لگوائیں تاکہ تعفن نہ پھیلے اور صحت بھی یقینی رہے۔

عید ِ قرباں پر انسانی صحت اور مناسب غذا کا استعمال نہایت اہمیت کا حامل ہے، قربانی کا گوشت کھانا سنت ہے۔عید ِ قرباں ایسا تہوار ہے جب گوشت کی فرا وانی ہونے سے گھروں میں مزے مزے کے پکوان تیار ہوتے ہیں اور گوشت سے ہاتھ روکنا مشکل وہ جاتا ہے۔اگرچہ سال میں عید ِ قرباں اور اس سے اگلے چند دن غذائی لذت حاصل کرنے کے لئے ٹھیک ہیں،مگر اِن چند ایام میں صحت کا خاص خیال رکھتے ہوئے گوشت اعتدال میں کھائیں۔

دعوتوں پر لذیذ قسم کے پکوانوں سے لطف اندوز ہونے کے لئے چند غذائی تدابیر کا خیال ضرور رکھیں۔

٭…… کھانے پہلے اور کھانے کے ساتھ لیموں کا پانی،پودینے کے چند پتے ڈال کر (نمک اور چینی کے بغیر) وقفے وقفے سے استعمال کریں۔ سوڈا اور مختلف قسم کے ڈرنکس سے جن میں چینی وافر مقدار میں پائی جاتی ہے، اجتناب کریں، کیونکہ یہ ہاضمے میں کسی صورت معاون ثابت نہیں ہوں گے۔

٭…… کھانے کے بعد گرین ٹی، قہوے کا لازمی استعمال کریں۔

٭…… کھانے سے پہلے تازہ پھل مثلاً انگور، پپیتا، انناس، آڑو، ناشپاتی، گریپ فروٹ کا استعمال نہ صرف میٹا بولزم بڑھاتا ہے،بلکہ ہاضمے کے ساتھ ساتھ بھوک لگانے کا کام بھی کرتا ہے۔

٭…… چربی اور چکنائی کے بغیر والے گوشت کے حصوں کو کھانا تیار کرنے میں استعمال کریں، خاص طور پرذیا بیطس اور بلڈ پریشر کے مریض بغیر چربی کے گوشت استعمال کریں۔

٭…… گوشت کے استعمال کے ساتھ، سبز پتوں والی سلاد کا لازمی استعمال کریں۔

٭…… تازہ جڑی بوٹیوں اور مصالحے کے ساتھ گوشت کو میرینیٹ کریں۔دھنیا، پودینہ، تلسی، سبز و سرخ مرچ، ادرک اور لہسن کا استعمال کرتے ہوئے ڈش کا ذائقہ بڑھائیں۔

٭…… چونکہ گوشت بہت تیزابیت کا حامل ہوتاہے لہٰذا کم بالائی والا دہی استعمال کرتے ہوئے گوشت کی تیزابیت کو کم کیا جا سکتا ہے۔

٭…… عید پر میٹھے کا استعمال مناسب مقدار میں کریں، ایسی تمام چیزوں سے اجتناب کریں جس میں آئل،چینی، میدہ شامل ہو۔ میٹھے میں تازہ فروٹ کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔

٭…… گوشت کو بہت کم یا بغیر آئل کے پکائیں،گوشت کو گرل، باربی کیو، بیک یا سٹیم کیا جا سکتا ہے، مگر فرائی شدہ گوشت سے اجناب کریں جو کہ معدے کے لئے ذود ہضم ہے۔

٭…… باربی کیو تیار کرتے ہوئے گوشت کو جلنے نہ دیں، کیونکہ جلا ہوا گوشت(Carcinogenic) (سرطان پیدا کرنے والی شے) ہو جاتا ہے۔

٭…… صحت مند رہیں اور کم کھائیں، خاص طور پر دِل کی بیماری میں مبتلا افراد،ذیا بیطس اور بلڈ پریشر کے مریض ہاتھ روک کر کھائیں، کیونکہ عید پر لذیذ پکوان تو بہت ہوتے ہیں لیکن پرہیز اور احتیاط لازم ہے۔

مزید : رائے /کالم