کراچی کو آفت زدہ قرار دیا جائے،میئر کراچی کا مطالبہ
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) میئر کراچی وسیم اختر نے وزیراعلیٰ سندھ سے کراچی کو آفت زدہ شہر قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ کراچی ڈوبا ہوا ہے، کس کو بیوقوف بنایا جا رہا ہے، شہرکو کوئی دیکھنے والا نہیں، کراچی کا پیسہ اسی پر لگنا چاہیے، حکومت سندھ کو شہر قائد کا درد نہیں ہے، میرے پاس اتھارٹی نہیں، جس کے پاس ہے وہ ایکشن بھی تولے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ کراچی 95 فیصد ریونیو دیتا ہے،اسے بے یارو مددگار چھوڑ دیا گیا، وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا ہے کراچی کو آفت زدہ شہر قرار دیا جائے، سب کی منتیں کرکر کے تھک گیا ہوں اور کیا کروں میں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج سے درخواست ہے متاثرہ علاقوں میں جائے، سندھ حکومت اور اس کے ادارے مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں، کراچی میں کسی کو دلچسپی نہیں ہے، کراچی کو لاوارث چھوڑ دیا گیا۔