گومل یونیورسٹی کی زمین پر قبضہ کرنیوالوں کیخلاف کارروائی ہوگی، ڈاکٹر افتخار احمد 

گومل یونیورسٹی کی زمین پر قبضہ کرنیوالوں کیخلاف کارروائی ہوگی، ڈاکٹر ...

  

 ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ)وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمدکا پرفضاء وتفریحی مقام شیخ بدین کے مقام پر گومل یونیورسٹی کی 1800کنال اراضی کا دورہ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم جیلانی، کوارڈینیٹر سٹی کیمپس ڈاکٹر شکیب اللہ،ڈائریکٹر انگریزی احسان اللہ دانش اور سیکیورٹی آفیسر شمروز خان بھی ہمراہ تھے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ شیخ بدین کے پر فضاء تفریحی مقام پر گومل یونیورسٹی کی زمین کا ہونا خوش آئند ہے۔ یہاں آکر ملکہ کوہسار کو بھول گیا ہوں کہ اس علاقے میں بھی اتنی پرفضاء، تفریحی اور خوبصورت جگہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گومل یونیورسٹی کی زمین پر کسی کو بھی ایک انچ قبضہ نہیں کرنے دینگے۔ گومل یونیورسٹی کی زمین لاوارث نہیں کہ کوئی بھی اس پر قبضہ کر لے یا جس کا دل ہو یونیورسٹی کے جنگلات سے لکڑیاں کاٹ کر گومل یونیورسٹی کونقصان پہنچائے۔ ایسے لوگوں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائے گا۔انہوں نے سیکیورٹی آفیسر کو فوری طور پر ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ شیخ بدین پر گومل یونیورسٹی کے بورڈ توڑنے والوں کیخلاف فوری طور پر ایف آئی آر کروائی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی اس طرح کی غلط حرکت نہ کر سکے اور اس مقام پر گومل یونیورسٹی کاسیکیورٹی اہلکار تعینات کیا جائے جوگومل یونیورسٹی کی زمین کی رکھوالی کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شیخ بدین کے مقام پر روڈ کی تعمیر کروائی جائے اور یہاں گومل یونیورسٹی کا ایک چھوٹا گیسٹ ہاؤس بنیادی سہولیات کیساتھ بنایا جائے تاکہ بنوں اور ڈیرہ ڈویژن کے لو گ اس پر فضاء تفریحی مقام سے مستفید ہوں۔وائس چانسلر نے مزید کہا کہ گومل یونیورسٹی کے گیسٹ ہاؤس کے قیام سے اس علاقے کی خوبصورتی میں اضافہ ہو گا اور گومل یونیورسٹی کی آمدن کا ذریعہ بھی بنے گا۔ 

مزید :

پشاورصفحہ آخر -