قرآن پاک اور سیرت النبیؐ کو پہلی جماعت سے نصاب کا حصہ بنایا جائے،تحریک زنجان

 قرآن پاک اور سیرت النبیؐ کو پہلی جماعت سے نصاب کا حصہ بنایا جائے،تحریک زنجان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(نمائندہ خصوصی) تحریک زنجان پاکستان کے مرکزی امیر اور دربار حضرت میراں حسین زنجانی  ؒ کے سجادہ نشیں المعروف زنجانی سرکار نے کہا ہے کہ قرآن پاک مکمل ضابطہ حیات ہے قرآن پاک اور سیرت النبی ؐ کوپہلی جماعت سے تعلیمی نصاب کا حصہ بنایا جایا۔ اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہو گا کہ ہماری آنے والی نسلیں گمراہی، فحاشی  اور بے راہ روی سے بچ جائیں گی۔


کسی بچے کو یہ بتانے کی ضرورت نہیں رہے گی والدین کا مقام کیا ہے معاشرے میں زندگی گزانے کیلئے کونسے اصول اپنانے کی ضروت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد شاہ زنجان میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج مسلمان قرآن کا راستہ چھوڑ کر پوری دنیا میں رسوا ہو رہے ہیں۔ہمارے نبی حضرت محمد ﷺ نے ہمیں زندگی گزارنے کا عملی نمونہ پیش کیا تھا ہم اس راستے سے بھٹک چکے ہیں جبکہ کافر وہ اصول اپنا کر ترقی کی منازل طے کررہے ہیں۔ہم ہر جدید چیز کے حصو ل کیلئے ان کے محتاج ہو چکے ہیں۔قرآن پاک واحد کتاب ہے جس میں ہر طرح کا جدیدعلم موجود ہے۔کشمیر، فلسطین، روہنگیامیں مسلمانوں کا قتل عام کیا جارہا ہے ہم زبانی مذمت کے علاوہ کچھ نہیں کررہے۔ہم موجود ہ حکومت کے کشمیر کیلئے کئے جانے والے عملی اقدامات کی قدر کرتے ہیں اور پاک فوج کے ان جوانوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جو سرحدوں پر اس لئے جاگتے ہیں تاکہ ہم سکون کی نیند سو سکیں۔ اس موقع پر پیر سید ادریس شاہ زنجانی المعروف زنجانی سرکار نے کشمیر، فلسطین میں شہید ہونے والے مسلمانوں، پاک فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہدا، ملکی سلامتی اور عالم اسلام کی سربلندی کیلئے خصوصی دعا بھی کروائی۔