درجن کے قریب ڈرامہ سیریل آن ائیر ہونے کے لئے تیار
لاہور(فلم رپورٹر)کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان کی خزاں رسیدہ ڈرامہ انڈسٹری پر جلد ہی بہار آنے والی ہے کیونکہ ایک درجن کے قریب اہم ڈرامے مکمل ہوچکے ہیں جو عنقریب مختلف چینلز سے نشر کئے جائیں گے۔احسن طالش کامیاب ترین ڈائریکٹر ہیں جن کے کریڈٹ پر بے شمار سپرہٹ سیریل ہیں جن میں ان دنوں آن ایئر سیریل "یہ دل میرا”بھی شامل ہے۔احسن طالش کی نئی سیریل "مشک”مکمل ہوچکا ہے جس کی خاص بات یہ ہے اس کی کہانی اداکار عمران اشرف نے لکھی ہے جو اس سے پہلے”تعبیر”جیسی سیریل لکھ کر خود کومنوا چکے ہیں۔اس سیریل میں عمران اشرف کے ساتھ ساتھ کبریٰ خان، گوہر رشید عروہ حسین سمیت دیگر فنکار شامل ہیں۔ایک اور کامیاب ڈائریکٹر سید قاسم علی مرید کی نئی سیریل”پریم گلی”مکمل ہوگئی جسے اے آر وائی سے نشر کیا جائے گا۔
۔اس سیریل کی کاسٹ میں فرحان سعید،انوشے عباسی،سوہائے علی ابڑو،وسیم عباس،قوی خان،عظمیٰ حسن اور صبا حمید جیسے بڑے نام شامل ہیں۔کئی سپرہٹ ڈراموں کے ڈائریکٹر سید وجاہت حسین کی سیریل "خدا اور محبت سیزن3”بھی تکمیل کے اختتامی مراحل میں ہے جس کی کاسٹ میں اقرا عزیز،فیروز خان، جنید خان،اسما عباس،جاوید شیخ،حرا سومرو اور وسیم عباس سمیت دیگر فنکار شامل ہیں۔یہ سیریل جیو سے نشر کی جائے گی۔فائزہ افتخار کی تحریر اورعلی فیضان کی ڈائریکشن میں بنائی گئی سیریل ”بندھے ایک ڈور سے”کے ذریعے ناظرین پہلی بار احسن خان اور اشنا شاہ کو ایک ساتھ دیکھ رہے ہیں جس کی دیگرکاسٹ میں حنا الطاف،ثمینہ احمد،صبا حمید،صبا فیصل اور قوی خان بھی شامل ہیں۔اسی طرح ایک اور سیریل میں ناظرین طویل عرصہ بعد سویرا ندیم اور نعمان اعجاز کو ایک ساتھ دیکھ سکیں گے۔