قائمہ کمیٹی داخلہ نے کیپیٹل ٹیرٹری وقف پراپرٹیز بل کی منظور ی دیدی
اسلام آباد (آئی این پی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی داخلہ نے اسلام آباد کیپیٹل ٹیرٹری وقف پراپرٹیز بل 2020 منظور کرلیا، بل کے مطابق اسلام آباد میں وقف املاک پر قائم مساجد، امام بارگاہیں، مدارس اور دیگر ادارے وفاق کے کنٹرول میں آجائیں گے۔مساجد، امام بارگاہوں، مدارس اور دیگرعمارات سے حاصل ہونے والی رقم کا باقاعدہ سرکاری آڈٹ ہوا کرے گا۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی داخلہ کا اجلاس پیر کو کمیٹی چیئرمین راجہ خرم شہزاد نواز کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔ کمیٹی نے تفصیلی غور کے بعد اسلام آباد کیپیٹل ٹیرٹری وقف پراپرٹیز بل 2020 منظور کرلیا۔ بل کے مطابق مسجد، امام بارگاہ، مدرسہ یا کسی بھی مقصد کیلئے وقف سے قبل زمین رجسٹرکرائی جائے گی،قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو زیادہ سے زیادہ 5 سال سزا اور اڑھائی کروڑ جرمانہ ہوگا۔ حکومت چیف کمشنر کے ذریعے وقف املاک کیلئے منتظم اعلی تعینات کرے گی، وقف املاک کے منتظم منی لانڈرنگ میں ملوث پائے گئے توحکومت اس کا انتظام سنبھال سکے گی۔ منتظم اعلی انتظامی امور کیلئے وقف مینجر کو ہدایات دے سکے گا، منتظم اعلی کسی خطاب، خطبے، لیکچر کو روکنے کی ہدایات دے سکتا ہے، منتظم اعلی قومی خود مختاری ووحدانیت کو نقصان پہچانے والے کسی بھی معاملے کو روک سکے گا۔
کیپیٹل ٹیرٹری بل