سعودی عرب اور پاکستان لازم وملزوم ہیں، سینیٹر ساجد میر
لاہور(این این آئی)مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستا ن کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کو دھمکی دے کر احسان فراموشی کا مظاہرہ کیا، شاہ محمود قریشی کا لہجہ وزیر خارجہ والا نہیں بلکہ گدی نیشن والا تھا، اگر سفارتی اخلاقیات کا لحاظ نہیں ہے تو وہ وزارت چھوڑیں گدی نشینی کریں انہیں اس بات کا اندازہ ہی نہیں ہے کہ ان کے بیان نے ملک کو کتنا ناقابل تلافی نقصان پہنچایا مرکز اہل حدیث میں گزشتہ عرصے میں وفات پاجانے والے علما ء کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ ساجد میر کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کے احسانات کا بدلہ نہیں چکا سکتا۔سعودی عرب اور پاکستان لازم وملزوم ہیں سعودی عرب سے تعلقات کی خرابی میں ایک مخصوص ٹولا ہے جو وزیر اعظم کے ارد گرد جمع رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ کے بیان پر وزیر اعظم کو اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہیے۔ پاکستان کے محسن ملک سعودی عرب کی ناراضگی ہمارے لیے لمحہ فکر یہ ہے۔ اہمیں نہیں بھولنا چاہیے کہ 2018 میں پاکستان دیوالیہ ہونے کے قریب تھا سعودی عرب دنیا کا واحد ملک تھا جس نے اس وقت ہمیں تین ارب ڈالر قرض بھی دیا تھا اورساڑھے نو ارب ڈالر کا ادھار پٹرول دینے کا وعدہ بھی کیا تھا پھر سعودی عرب میں 25لاکھ پاکستانی بھی کام کرتے ہیں اور یہ لوگ ہر ماہ ہمیں سب سے زیادہ فارن ایکس چینج بھجواتے ہیں لہذا سعودی عرب صرف ہمارا دوست نہیں بلکہ یہ ہماری مجبوری بھی ہے پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی او آئی سی کے وزرا خارجہ کا اجلاس نہ بلانے کی بات دراصل ایک بہانہ ہے۔اصل میں ان کے پیش نظر سعودی عرب کو نشانہ بنانا تھا۔ اس معاملے کی تحقیق ہونی چاہیے کہ اس بیان کے پیچھے کون ہے؟ جہاں تک تعلق ہے مسئلہ کشمیر پر سعودی عرب کی مطلوب حمایت کا ہے تو اس کا بھی ایک سفارتی طریقہ کار ہونا چاہیے ان سے بیٹھ کر بات کی جاسکتی ہے سیمینار کی صدارت ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کی جبکہ مقررین میں چیف آرگنائزر حافظ ابتسام الہی ظہیر سینئر نائب امیر مولانا محمد نعیم بٹ علامہ محمد شفیق خاں پسروری مولانا عبدالرشید حجازی حافظ محمد یونس آزاد حاجی عبدالرزاق ڈاکٹر زعیم الدین عابد لکھوی حافظ فیصل افضل شیخ حافظ عمران عریف حافظ عتیق اللہ عمر رانا نصر اللہ خاں کے علاوہ وفات پانے والے بزرگوں مولانا عبدالحمید ہزاروی مولانا عبدالرشید ہزاروی مولانا قاری یحیی رسول نگری مولانا پروفیسر عبدالرحمن لدھیانوی پروفیسر حافظ ثنا اللہ خاں پروفیسر ڈاکٹر عبدالرف ظفر حافظ صلاح الدین یوسف مولانا محمد یونس بٹ کی دینی تبلیغی اور جماعتی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر مرحوم علما کے لواحقین اور پسماندگان بھی شریک تھے۔
ساجد میر