مسجد وزیر خان میں ناچ گانا،محکمہ اوقاف نے انکوائری شروع کر دی
لاہور(فلم رپورٹر،نامہ نگار)صباء قمر اور بلال سعید کے مسجد وزیر خان میں گانے کی ویڈیو کی عکسبندی کے حوالے سے انکوائری کا آغاز گزشتہ روزہوگیا ہے۔اس سلسلے میں ڈائریکٹر فنانس عبدالوحید کو انکوائری افسر مقرر کیا گیا ہے جو سات دن کے اندر اندر صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور کو اپنی رپورٹ پیش کریں گے۔”پاکستان“سے گفتگو کرتے ہوئے محکمہ اوقاف کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مذہبی اور سماجی حلقوں کے شدید رد عمل کو دیکھتے ہوئے ہمیں بہت زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ اس واقعہ کے بارے میں انکوائری غیر جانبدارانہ ہوگی اور کسی کے ساتھ بھی زیادتی نہیں کی جائے گی۔بلال سعید اور صباء قمر کے بیانات کی روشنی میں تمام معاملہ کی چھان بین کی جائے گی جس کے بعد انکوائری افسر اپنی رپورٹ پیش کریں گے۔ دریں اثناسیشن عدالت نے مسجد وزیر خان کا تقدس پامال کرنے پر گلوکاربلال سعید، صبا قمر اور محکمہ اوقاف کے افسروں کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر پولیس کونوٹس جاری کر تے ہوئے آئندہ سماعت پررپورٹ طلب کر لی ہے،درخواست گزارکا موقف ہے کہ اداکاربلال سعید اور صبا قمر پر گانے کی عکسبندی کی گئی، بلال سعید اور اداکارہ صبا قمر نے مسجد کا تقدس پامال کیا، مسجد کی توہین اور مسجد کے تقدس کو پامال کرنے کی پوسٹیں سوشل میڈیا پر بھی شئیر کی گئی ہیں، مسجد کے اندر ڈانس اور گانا عکسبند کرکے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی۔
تقدس پامال