بہاولپور کو سی پیک سے لنک کیاجائے،جاوید اقبال چوہدری

   بہاولپور کو سی پیک سے لنک کیاجائے،جاوید اقبال چوہدری

  

 بہاولپور(بیورو رپورٹ،ڈسٹرکٹ رپورٹر) بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں گزشتہ روز ایک میڈیا بریفنگ کا اہتمام کیا گیا جس میں چیمبر کے صدر جاوید اقبال چوہدری، نائب صدر محمد الیاس خان، اراکین ایگزیکٹو، سابق صدور ڈاکٹر رانا محمد طارق خان، چوہدری عبد الجبار، رکن چیمبرملک محمد سرفراز ناظم، بہاولپور پریس کلب کے صدر نصیر احمد ناصر کے علاوہ پرنٹ و الیکٹرونک میڈیا سے تعلق رکھنے والے نمائندگان شریک ہوئے۔ بریفنگ دیتے ہوئے صد(بقیہ نمبر49صفحہ7پر)

ر چیمبر نے بہاولپور اور علاقے کی صنعتی و تجارتی ترقی کے لیے چند ایک مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہاولپور اس وقت دیگر ترقی یافتہ شہروں کے مقابلے میں پسماندہ علاقہ ہے اس کی ترقی اور علاقے کی معاشی صورتحال کی بہتری کے لیے ضروری ہے کہ بہاولپور کو نیشنل ہائی وے کے ذریعے CPECسے لنک کیا جائے، بہاولپور انڈسٹرل اسٹیٹ میں پلاٹوں کی قیمتوں میں کمی اور اس کے تعمیراتی کاموں کے لیے فنڈزجاری کیے جائیں، پنجاب سمال انڈسٹریز ملتان روڈ بہاولپور کے لیے علیحدہ فیڈر اور بہاولپور کے ڈی سی شیدول ریٹس میں انڈسٹریل کالم کا اضافہ کیا جائے۔صدر چیمبر نے موضع آغاپور کے قریب زیر تعمیر بہاولپور انڈسٹریل اسٹیٹ پر مکمل بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بہاولپور انڈسٹریل اسٹیٹ علاقے کی صنعتی و معاشی ترقی کے لیے ایک گیم چینجر منصوبہ ہے جس کی تکمیل سے بہاولپور کے ساتھ ساتھ پاکستان کی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ اسٹیٹ کے قیام سے علاقے کے بے روزگار نو جوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔صدر چیمبر نے کہا کہ اس وقت اسٹیٹ کا کام تیزی سے تکمیل کی طرف گامزن ہے۔ PIEDMCنے ہمارے چیمبر میں اسٹیٹ کے انٹرسٹ فارم بھجوا دیے ہیں جنہیں اراکین چیمبر میں تقسیم کر دیا گیا ہے اور بہت سے اراکین نے یہ فارم تکمیل کے بعد چیمبر میں جمع بھی کر ا دیے ہیں اور امید ہے کہ عنقریب اسٹیٹ کی گراؤنڈ بریکنگ تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ صدر چیمبر نے اپنے عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد سے لیکر موجودہ وقت تک ہونے والی سرگرمیوں پر بھی بریفنگ دی جس میں ریجنل چیمبر صدور کانفرنس، FPCCIکے صدر اور نائب صدور کا دورہ بہاولپور چیمبر، چولستان جیپ ریلی کے موقع پر بہاولپور چیمبر کی جانب سے بہاولپورٹریڈ فیئر کا انعقاد، چیمبر کی مسلسل کوششوں کی بدولت کھل بنولہ پرسیلز ٹیکس کا خاتمہ، کرونا وائرس کی وباء کے پھیلاؤ اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے غریب اور مستحق خاندانوں میں راشن بیگ کی تقسیم اور مختلف سر گرمیوں بارے بھی آگاہ کیا۔بریفنگ کے دوران صدر چیمبر نے کمشنر بہاولپور ڈویژن آصف اقبال چوہدری اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بہاولپورچیمبر کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا اور ضرورت پڑنے پر ہمارے ساتھ اپنا مکمل تعاون بھی جاری رکھا۔میڈیا بریفنگ کے بعد شجر کاری مہم کے تحت چیمبر میں مختلف شخصیات نے پودے بھی لگائے۔      

جاوید اقبال

مزید :

ملتان صفحہ آخر -