نواز، زرداری کی باری پھر نہیں آئے گی، زین حسین قریشی 

    نواز، زرداری کی باری پھر نہیں آئے گی، زین حسین قریشی 

  

 ملتان (نیوز رپورٹر) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ مخدومزادہ زین حسین قریشی نے کہا ہے کہ نواز‘ زرداری کی باری پھر نہیں آنے والی، عوام نے دونوں کو بری طرح مسترد کیا۔ دونوں کا دور ملکی تاریخ کا بدترین دور تھا۔ جس میں ملکی معیشت شدید متاثر‘ خزانہ خالی اور حکمرانوں کی جیبیں بھری رہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 157 کی مختلف مختلف(بقیہ نمبر27صفحہ6پر)

 یونین کونسلوں یوسی ڈمرہ‘ 18کسی‘ بدھلہ سنت‘ کوٹھے والہ چوک‘جلال آباد میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ممبر صوبائی اسمبلی ملک واصف مظہر راں‘ پی ٹی آئی رہنما رانا عبدالجبار‘ پی ٹی آئی سٹی کے جنرل سیکرٹری سید بابر شاہ‘ خان سلیم خان کھیڑا‘ ملک اشفاق راں‘ اظہر خان‘چودھری شعیب سنگھیڑا‘ چودھری ناصر جٹ‘شہباز قریشی اور معززین حلقہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔ مخدومزادہ زین حسین قریشی نے کہا کورونا کے باعث ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ جس کی بحالی کیلئے حکومت ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کی بدولت ملک کا مالی خسارہ 20ارب ڈالر سے کم ہو کر 2.9ارب ڈالر رہ گیا ہے۔ جو کہ حکومت کی معاشی بحالی میں بہت بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا محدود معاشی وسائل کے باوجود عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے کوششیں کررہے ہیں۔ جس کے دورس نتائج برآمد ہونگے۔ انہوں نے کہا الیکشن کے دوران عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرنے کا وقت آن پہنچا ہے۔ این اے 157 میں کروڑوں روپے کے ترقیاتی کام شروع ہو چکے ہیں۔ جن کی تکمیل سے حلقہ کے عوام کی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔این اے 157 میں عوام کو صاف پانی کی فراہمی یہاں کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا جو آج پایہ تکمیل کو پہنچا ہے۔ بعد ازاں انہوں نے این اے 157 کی مختلف یونین کونسلوں میں 5مقامات پرواٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کیا۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری مخدومزادہ زین حسین قریشی نے حلقہ میں مصروف دن گزارا۔ حلقے میں وفات پا جانے والی شخصیات کی رہائش گاہوں پر گئے مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی اور لواحقین کیلئے صبرو جمیل کی دعا کی۔

زین حسین قریشی

مزید :

ملتان صفحہ آخر -