”فارم کے بغیر کپتان کی موجودگی میں آپ خاموش تماشائی نہ بنیں“ رمیز راجہ نے ٹیم انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لے لیا

”فارم کے بغیر کپتان کی موجودگی میں آپ خاموش تماشائی نہ بنیں“ رمیز راجہ نے ...
”فارم کے بغیر کپتان کی موجودگی میں آپ خاموش تماشائی نہ بنیں“ رمیز راجہ نے ٹیم انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لے لیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی اور موجودہ کمنٹیٹر رمیز راجہ نے کہا ہے کہ آﺅٹ آف فارم کپتان کی موجودگی میں ہیڈ کوچ اور معاون سٹاف کو خاموش تماشائی نہیں نظر آنا چاہئے، ٹیسٹ میچ میں اتنی مضبوط پوزیشن ہونے کے باوجود صرف پاکستان ہی ہار سکتا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے ہاتھوں پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد کوچنگ سٹاف کو جگانے کیلئے رمیز راجہ نے آواز بلند کر دی ہے جنہوں نے اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میں جیتی بازی ہارنے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتنی مضبوط پوزیشن ہونے کے باوجود صرف پاکستان ہی ہار سکتا ہے، 250 سے زائد کا ہدف دینے کے بعد انگلینڈ نے 117پر 5وکٹیں گنوائیں، بڑے بیٹسمین پویلین واپس لوٹ چکے تھے جس کے بعد کرس ووکس اور جوز بٹلر کو 100 سے زائد کی شراکت قائم کرنے دینا مایوس کن تھا، وہ بھی ایک ایسی صورتحال میں جب وکٹ کیپر بیٹسمین آﺅٹ آف فارم ہونے کی وجہ سے بمشکل پلیئنگ الیون میں جگہ بنا پائے تھے۔ 

انہوں نے کہا کہ کرس ووکس اور جوز بٹلر کی بیٹنگ کے دوران پاکستان ٹیم اپنی پلاننگ کے حوالے سے تذبذب کا شکار نظر آئی اور ایسا ہماری کرکٹ میں اکثر ہورہا ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ اچھی شراکت تھی لیکن شاہینوں نے اس کو ممکن کیوں ہونے دیا، اگر پاکستان رینکنگ میں نمبر 7ہے تو اس کی یہی وجوہات ہیں۔

رمیز راجہ نے کہا کہ کوچنگ میں مصباح الحق اور وقار یونس سمیت بڑے نام ہیں، سب اپنے کیریئر میں اس طرح کی صورتحال کا سامنا کرچکے۔ ان کو زیادہ فعال نظر آنا چاہیے تھا، اگر کپتان اظہر علی آﺅٹ آف فارم ہیں تو کوچز کو بیٹھ کر دیکھنے کے بجائے مدد کیلئے آگے بڑھنا چاہیے، ان کو صورتحال کا بہتر اندازہ تھا، انگلینڈ کو آسانی سے رنز بنانے کا موقع دیا گیا،کرس ووکس اور جوز بٹلر نے پوائنٹ پوزیشن پر کھیلتے ہوئے 40 سنگلز بنائے لیکن کسی نے اظہر علی اور یاسر شاہ کو نہیں بتایا کہ اس خلا کو پر کرنے کیلئے فیلڈر کھڑا کرو، فیلڈ سیٹنگ پر مایوسی ہوتی رہی،کوئی باﺅنسرز کی کوشش کرتا نظر نہیں آیا، کچھ مختلف حکمت عملی اپنانے کی ضرورت تھی لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔

مزید :

کھیل -