سڑکوں پر "عورت کارڈ"کھیلنے کی ناکام کوشش کی گئی  "پانامہ رانی"کا کرپشن کی بارات کیساتھ ۔۔۔۔ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ مریم نواز پر برس پڑیں

سڑکوں پر "عورت کارڈ"کھیلنے کی ناکام کوشش کی گئی  "پانامہ رانی"کا کرپشن کی ...
سڑکوں پر

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن )  ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ جاتی امراء سے روانہ ہونیوالی گاڑیوں میں پتھر رکھنے کی فوٹیجز سامنے آنے سے (ن) لیگ کی سازش بے نقاب ہو گئی،سوچے سمجھے منصوبے کے تحت نیب کے باہر امن و امان کی صورتحال پیدا کی گئی جس کی ذمہ دار ی مریم نواز اور ریلی میں موجود رہنماؤں پر عائد ہوتی ہے،قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا، ”پانامہ رانی“کا کرپشن کی بارات کے ساتھ نیب میں پیش ہونابھی منفرد مثال ہے، کرپشن کے جنازے نکلتے رہیں گے تو پاکستان اور اس میں بسنے والے خوشحال ہوں گے، کارکنان کو تو باہر آنے کی کال دی جاتی ہے لیکن جن اولادوں نے کرپشن کی جائیداد کی وارث بننا ہے انہیں گھروں سے باہر نہیں لایا جاتا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ مریم صفدر نے اپنی کرپشن کو بچانے کے لئے کارکنوں کو ایندھن بنانے کی بھرپور کوشش کی،مریم صفدر قومی اداروں سے بغض رکھتی ہیں، یہ سوچ کسی طرح بھی قابل ستائش نہیں ہے،ایسی انتشار پسند خاتون وزیر اعظم تو کیا یونین کونسل کی کونسلر بننے کے بھی قابل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی جلوس یا ریلی کے موقع پر امن و امان کیلئے پولیس تعینا ت کرنا پڑتی ہے،لیگی کارکنوں نے مریم صفدر کے ہمراہ جانے کیلئے زبردستی بیرئیر ہٹائے،شدید پتھراؤ کیا،مشتعل کارکنوں نے نہتی خواتین پولیس اہلکاروں پر بھی پتھراؤ کیا اور دھاوا بولا۔ انہوں نے کہا کہ ریلی کے ہمراہ موجود لیگی قیادت کا خاموش رہنا بہت سے سوالات کو جنم دیتا ہے،نیب کے دفتر کے باہر موجود لیگی رہنماکارکنوں کو مسلسل اشتعال دلاتے رہے، جن لوگوں نے بھی قانون کو ہاتھ میں لیا ہے ان کے خلاف سخت کارروائی ہو گی،سی سی ٹی وی کیمروں، میڈیا کے ریکارڈ سے شر پسند عناصر کی نشاندہی کی جائے گی۔

ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ مریم بی بی نواز شریف کی بیٹی ہونے کے ناطے نہیں قومی خزانے کو لوٹنے پر مجرم قرار پائیں، مریم صفدر نے ملک کیلئے نہیں بلکہ کرپشن کی چمپئن بننے کے لئے ہمیشہ لا تعدادچیلنجز قبول کئے ہیں، ملک لوٹ کر پاکستان اور لندن میں جائیدادیں بنانے والی خاتون نے سڑکوں پر عورت کارڈ کھیلاجسے عوام نے مسترد کر دیا،عوام اب نقب زنوں اور ان کے دیرینہ حواریوں سے محتاط ہو گئے ہیں۔ا نہوں نے کہا کہکرپشن پر نیب کے سامنے پیش ہونے کیلئے بڑی دھوم دھام سے تیاریاں کی گئیں، اب دوربدل گیا ہے اس طرح کے ہتھکنڈوں سے اداروں پر دباؤ نہیں بڑھایا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ”پانامہ رانی“نے نیب پیشی کی آڑ میں کس کو ”سیاسی مسل“ دکھائے ؟قوم آگاہ ہے،شریف خاندان میں آئندہ کی سیاسی قیادت کے معاملے پر کھینچا تانی اپنے عروج پر ہے،کارکنوں کو جس طرح کرپشن سے ”اظہار یکجہتی“کیلئے لایا گیا وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، کرپشن کے جنازے کے شرکا ء کی بریانی سے تواضع کا سہرا بھی مسلم لیگ (ن) کے سر ہے، کارکن بھی اپنی قیادت کی کرپشن کا ایندھن نہ بننے کا فیصلہ کریں۔انہوں نے کہا کہ کرپشن میں پیشی کے موقع پر امن و امان کی صورتحال پیدا کرنا انتہائی تشویشناک ہے، اگر مریم صفدر کرپشن کی بارات کے ساتھ نہ آتیں تو حکومت کو قطعی طور پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کرنے کی ضرور ت پیش نہ آتی،امن و امان کی صورتحال کیلئے بھاری نفری تعینات کرنا پڑی اور یہ حکومت کی ذمہ داری ہے۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -