دولہا نے بیوفائی کا بدلہ لینے کیلئے دلہن کو شادی کی تقریب میں رسوا کردیا
بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) چین میں ایک دولہا نے اپنی دلہن سے بے وفائی کا بدلہ لینے کے لیے ایسا کام کر ڈالا کہ بیچاری کو شادی کی تقریب میں مہمانوں کے سامنے رسوا کر دیا۔ دی سن کے مطابق اس دولہا دلہن کا تعلق چین کے شہر فیوجیان سے ہے۔ دلہن نے اپنے بہنوئی کے ساتھ ناجائز تعلقات استوار کر رکھے تھے، جس کا اس کے دولہا کو علم ہو گیا اور اس نے کسی طرح ان دونوں کی قابل اعتراض حالت میں ویڈیو بنا لی تھی۔
ٹک ٹاک پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دولہا دلہن اکٹھے سٹیج کی طرف آتے ہیں اور جب وہ سٹیج پر پہنچ جاتے ہیں تو دولہا ریموٹ کنٹرول سے وہاں لگے پروجیکٹر پر دلہن اور اس کے بہنوئی کی شرمناک ویڈیو چلا دیتا ہے۔ 5منٹ کی یہ ویڈیو تمام مہمانوں کے سامنے چلانے کے بعد دولہا اپنی دلہن سے کہتا ہے کہ ”تم کیا سمجھی تھیں کہ مجھے علم نہیں ہے۔“ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دلہن اپناپھولوں کا گلدستہ دولہا کے منہ پر مار کر روتی ہوئی وہاں سے چلی جاتی ہے۔یہ ویڈیو ٹک ٹاک پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جسے اب تک 60لاکھ سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں۔