ارشد ندیم کا لاہور ایئرپورٹ سے رائیونڈ جانے کا انکشاف، ایک گھنٹہ قیام ، نماز فجر کی ادائیگی کے بعد آبائی علاقے روانہ
لاہور (ویب ڈیسک) پیرس اولمپکس میں پاکستان کو گولڈ میڈل دلانے والے قومی ہیرو ارشد ندیم لاہور میں تبلیغی مرکز رائیونڈ میں نمازِ فجر ادا کرنے کے بعد میاں چنوں روانہ ہو گئے۔
ارشد ندیم لاہور ایئر پورٹ سے تبلیغی مرکز رائیونڈ آئے تھے جہاں ان کے قافلے نے ایک گھنٹہ قیام کیا تھا۔اب میاں چنوں میں ارشد ندیم کو ان کے استاد کے ڈیرے پر استقبالیہ دیا جائے گا جس کے بعد وہ اپنے آبائی گاؤں چک 101 جائیں گے۔
واضح رہے کہ رات میں ارشد ندیم کا لاہور ایئر پورٹ پہنچنے پر والہانہ استقبال کیا گیا تھا۔ ایئر پورٹ پر ارشد ندیم اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے اور شہریوں نے اپنے ہیرو کو کندھوں پر اٹھایا۔ جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں ارشد ندیم نے پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوایا ہے۔
ارشد ندیم اولمپکس کے انفرادی مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے پاکستانی ایتھلیٹ ہیں۔