بھارت: کیا میرے بیگ میں بم ہے؟ شہری کو ایئرپورٹ پر سوال پوچھنا مہنگا پڑگیا
نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن )بھارت میں ایک مسافر کو ایئرپورٹ پر چیکنگ کے دوران سامان میں بم ہونے سے متعلق بات کرنے پر گرفتار کر لیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کیرالہ کے شہر کوچی کے کوچن ایئر پورٹ پر مسافر منوج کمار نے سامان کی چیکنگ کے دوران آفیسر سے سوال کیا کہ "کیا میرے بیگ میں بم ہے؟" جس کے بعد اسے حراست میں لے لیا گیا۔رپورٹ کے مطابق مسافر کو حراست میں لینے کے بعد بم ڈسپوزل سکواڈ کو بھی ایئرپورٹ پر طلب کیا گیا اور سامان کی تلاشی لی گئی جبکہ بعد ازاں مسافر کو مزید تفتیش کے لئے لوکل پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ 42 سالہ منوج کمار کو کوچی سے ایئرانڈیا کی پرواز میں ممبئی جانا تھا، ایئر پورٹ پر پیش آنے والے واقعے کے بعد صورتحال معمول پر آنے کے بعد پرواز کو مقررہ وقت پر روانہ کر دیا گیا۔