نااہل پنجاب حکومت کی وجہ سے میو ہسپتال لاوارث ہوگیا: بیرسٹر سیف
پشاور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ پنجاب کی نااہل حکومت کی وجہ سے ملک کا پرانا میو ہسپتال لاہور لاوارث ہوگیا۔
اپنے ایک بیان میں بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ میو ہسپتال میں ادویات کی کمی اور کئی وارڈز بند ہوگئے ہیں، میو ہسپتال میں تشخیص کی سہولیات اور میڈیکل آلات کا فقدان ہے، پیڈز میڈیسن، سرجری، ای این ٹی، ٹی بی وارڈز کئی مہینوں سے بند پڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے ایئر کنڈیشنر خراب ہیں اور مریض اپنے ساتھ گھر سے پنکھے لاتے ہیں۔بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ مینڈیٹ چور دن رات ٹک ٹاک بناتے ہیں، عوام کی خدمت ان کے بس کی بات نہیں، جعلی فارم 47 سرکار کو عوام کی کوئی فکر نہیں، مینڈیٹ چور ٹولہ خود تو سر درد کے علاج کے لئے لندن جاتا ہے۔