موجودہ نظام عوام کیلئے نہیں چند افراد کیلئے ہے،مفتاح اسماعیل
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) عوام پاکستان پارٹی کے رہنما مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہم کہتے ہیں کہ نظام بدلیں کیونکہ یہ عوام کیلئے نہیں چند افراد کیلئے ہے، ریلوے پر سالانہ 109 ارب روپے خرچ کرتے ہیں، یہ عوام کیلئے خرچ نہیں ہوتا، 2 کروڑ 60 لاکھ بچے سکول سے باہر ہیں۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ دنیا میں سب سے زیادہ بچے پاکستان کے باہر ہیں، 78 فیصد بچے دو زبانوں میں نہیں پڑھ سکتے، کوالیفائیڈ ٹیچر ہونے چاہئیں، اکثر سیاسی بنیادوں پر بھرتیاں کی گئی ہیں، سندھ میں اگر سائنس کے ٹیچر سے امتحان لیا جائے تو وہ فیل ہو جائے گا، وہ سیاسی بنیادوں پر بھرتی ہوا ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ قانون کی بالادستی ہونی چاہئے جو آئین میں ہے وہ سیاستدانوں اور فوج کے درمیان ہونا چاہئے، آج کل کہتے ہیں کہ آئی پی پیز کو بند کر دو یہ نہیں ہونا چاہئے، لوگ جھوٹ بول رہے ہیں، حکومت سب سے پہلے ٹیکس ختم کردے تو اس سے عوام کو فائدہ ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکس ختم کرنے سے حکومت کا نقصان نہیں ہے، لوگوں کی خدمت کا ارادہ نہیں تو سیاست میں نہیں آنا چاہئے، ہم عوام کی خدمت کرتے ہیں۔