پاکستان میں اقلیتوں کےتحفظ کے لیے جتنے اقدامات کریں کم ہوں گے، وزیراعظم

پاکستان میں اقلیتوں کےتحفظ کے لیے جتنے اقدامات کریں کم ہوں گے، وزیراعظم
پاکستان میں اقلیتوں کےتحفظ کے لیے جتنے اقدامات کریں کم ہوں گے، وزیراعظم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم ملک میں اقلیتوں کے تحفظ اور سیکیورٹی کے لیے جتنے اقدامات کریں کم ہوں گے، ہمیں اقلیتوں کو گلےسے لگانا چاہیے، کیونکہ ان کی ملک کی ترقی میں بے مثال خدمات ہیں۔

اقلیتوں کے عالمی دن پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے آج کے دن تاریخی خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک میں سب کو آئین و قانون کے مطابق مساوی حقوق حاصل ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ قائداعظم کے بیان کی روشنی میں ہی آج ہم سب یہاں اکٹھے ہیں اور افواج پاکستان میں موجود اقلیتی افسران بھی یہاں پر موجود ہیں۔

وزیراعظم نے کہاکہ ہمارے ملک میں رہنے والی تمام اقلیتوں کی اپنے اپنے دائرے میں بے مثال خدمات ہیں، تمام اقلیتوں نے پرامن شہری بن کر پاکستانی ہونے کا ثبوت دیا۔

شہباز شریف نے کہاکہ جنگ کا زمانہ ہو یا امن کا اقلیتوں نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا۔مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے ہمیشہ اقلیتوں کے حوالے سے کھلے دل کا مظاہرہ کیا اور حقوق کے لیے آواز اٹھائی۔ہم اقلیتوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں اور اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔

تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے غزہ میں اسرائیلی مظالم کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ غزہ میں جو ظلم ڈھایا جارہا ہے اس کی وجہ سے ہماری یوم آزادی کی خوشیاں ماند پڑگئی ہیں۔دنیا فلسطینیوں کی نسل کشی کا تماشا دیکھ رہی ہے، جو ادارے امن کے لیے قائم کیے گئے تھے ان کا اسرائیل پر رتی برابر اثر نہیں۔

وزیراعظم نے کہاکہ اسرائیلی جارحیت پر صرف لفاظی سے کام لیا جارہا ہے، اسرائیل کے سامنے عالمی اداروں کی قراردادوں کی کوئی حیثیت نہیں، اس وقت فلسطین کے مظلوم عوام پر جو مظالم ڈھائے جارہے ہیں تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔

مزید :

قومی -