ساری دنیا میں مری پہچان پاکستان ہے۔۔۔

ساری دنیا میں مری پہچان پاکستان ہے۔۔۔
ساری دنیا میں مری پہچان پاکستان ہے۔۔۔

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

دین پاکستان ہے ایمان پاکستان ہے
ساری دنیا میں مری پہچان پاکستان ہے

وہ جو کہتے تھے کہ اک مہمان پاکستان ہے
ان کی گھٹیا سوچ پر حیران پاکستان ہے

جس میں ہم سب بیٹھتے ہیں ایک کنبے کی طرح
وہ محبت سے بھرا دالان پاکستان ہے

لاالٰہ کے نام پر یہ دیس ہے حاصل ہوا
لاالہ کا ہم کو اک عرفان پاکستان ہے

تیری سانسوں سے ہی وابستہ ہیں سب سانسیں میری
تیری خاطر زندگی قربان پاکستان ہے

میری آنکھوں میں نمی ہے میرے پاکستان سے
میرے ہونٹوں پر کھلی مسکان پاکستان ہے

دیکھتے ہیں جو بھی میلی آنکھ سے اس دیس کو
ان سبھی کو جنگ کا اعلان پاکستان ہے

اس کی ہریالی مسیحا بن کے ملتی ہے مجھے
میرے ہر دکھ درد کا درمان پاکستان ہے

چور ڈاکو اور لٹیرو بات تم میری سنو
تم سبھی لوگوں سے ہی ہلکان پاکستان ہے

اس کی آزادی کے صدقے سے  ہی تم آزاد ہو
تم جو کہتے ہو کہ اک زندان پاکستان ہے

کوئی کہتا ہے مجھے ہر رات آکے خواب میں 
سیڑھیاں چڑھتی ہوئی ڈھلوان پاکستان ہے

 وادیٔ ناران  بھی ہے  میرے پاکستان میں
کوئٹہ، ملتان  اور  کاغان پاکستان ہے

لوگ جو چاہے کہیں اس میرے پیارے دیس کو
میرا پہلا عشق اور رومان پاکستان ہے

دیس کا ہر شخص ہی  پہچان ہےاس دیس کی
ہر ہنر مند اور ہر ترکھان پاکستان ہے

جس کے بدلے میں میں رب کو کچھ بھی دے سکتی نہیں 
میرے رب کا مجھ پہ وہ احسان پاکستان ہے

میں پرائے دیس میں آباد ہوں اک عمر سے
اور میرے  دل کا بس   ارمان پاکستان ہے

تم کہانی کو مری  خواہ  کوئی بھی عنوان دو
میرے قصے کا فقط عنوان پاکستان ہے

تم کہو مجھ کو ثمینہ یا کہو رحمت مجھے
سچ تو یہ ہے زیست کا سامان پاکستان ہے

کلام :ثمینہ رحمت منال

مزید :

شاعری -