جنرل عارف حسن کی پی او اے کو کام کرنےکا موقع دیا جائے، اقبال حسین

جنرل عارف حسن کی پی او اے کو کام کرنےکا موقع دیا جائے، اقبال حسین

  

کراچی ( آن لائن) پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اقبال حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ اور مخالف گروپ اپنی ذاتی انا کو ختم کرتے ہوئے پاکستان میں کھیلوں کی بحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرے اور جنرل عارف حسن کی سربراہی میں کام کرنے والی پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن کو کام کرنے کا موقع فراہم کرے، بھارت نے بھی آئی او سی کے فیصلے پر لبیک کہتے ہوئے کرپٹ عہدیداروں کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، ایک انٹرویو میں اقبال حسین کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو سال سے پاکستان میں کھیلوں کا ستیا ناس ہوگیا ہے بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی ٹیمیں شرکت نہیں کررہی ہیں جو ٹیمیں جارہی ہیں وہ بھی مطلوبہ نتائج نہیں دے رہیں اس لئے وقت کی ضرورت ہے کہ مخالف گروپ کے متحرک عہدیدار جنرل اکرم ساہی اور ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ امیر حمزہ گیلانی اپنی ذاتی انا اور مفاد کو پس پشت ڈال دیں۔ پی او اے کے انتخاب میں صرف دو سال کا عرصہ رہ گیا ہے اس لئے مفاہمت کی پالیسی اختیار کرتے ہوئے موجودہ لوگوں کو کام کرنے دیا جائے اور آئندہ انتخابات میں بھرپور تیاری کے ساتھ حصہ لیا جائے اگر وہ کامیاب ہوجائیں گے تو ہم انہیں سپورٹ کریں گے۔ وزیراعظم پاکستان کی مداخلت کے باوجود پی ایس بی اور مخالف گروپ کی ہٹ دھرمی سمجھ سے بالاتر ہے۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -