پنجاب حکومت امن وامان کے قےام کےلئے وسائل بروئے کار لارہی ہے،شجاع خانزادہ

پنجاب حکومت امن وامان کے قےام کےلئے وسائل بروئے کار لارہی ہے،شجاع خانزادہ

  

لا ہور (خبرنگار)صوبائی وزیر تحفظ ماحولیات کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب صوبے میں امن و امان کے قیام اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ شفافیت حکومت پنجاب کا طرہ امتیاز ہے اور تمام ترقیاتی منصوبے اسی پالیسی کے تحت مکمل کئے جارہے ہیں۔ معاشرے سے جرائم کی بیخ کنی کے لیے پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور بین الاقوامی معیار کی تربیت فراہم کرنے کے لیے ترکی کی معاونت سے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو کرپشن سے پاک اور افسران کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لےے احتساب کا نظام متعارف کرایا جارہاہے۔ مقدمات کی جدیدطریقے سے تفتیش کے لیے بین الاقوامی معیار کی بہترین فرانزک لیب قائم کی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان وزیراعلیٰ لاہور میں پی اے ایف وار کالج کے56رکنی وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت ائیر وائس مارشل فاروق حبیب کررہے تھے۔ وفد سے خطاب کرتے ہوئے کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے کہا کہ توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے باعث لوڈشیڈنگ میں کمی واقع ہوئی ہے۔ حکومت نے گردشی قرضے کی ادائیگی کر کے صورت حال کو جلد از جلد بہتر بنانے کی حکمت عملی اپنائی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلیٰ پنجاب کے بیرونی دوروں بالخصوص چین اور ترکی کے دوروں میں توانائی کا حصول پہلی ترجیح تھا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈون جاری ہے اور بڑی مچھلیوں پر ہاتھ ڈالا جارہاہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب شفافیت اور میرٹ پر یقین رکھتی ہے-میٹروبس منصوبے کی ریکارڈ مدت میں تکمیل اور لیپ ٹاپ سکیم کے تحت لیپ ٹاپس کی طلبہ میں میرٹ پر تقسیم اس کا منہ بولتا ثبوت ہیں-

شجاع خانزادہ

مزید :

صفحہ آخر -