دہشتگردی میں معاونت کا الزام ، دومسلمان برطانوی شہریوں پر امریکہ میں فردجرم عائد
ہارٹ فورڈ(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی عدالت نے دو برطانوی شہریوں پر افغانستان میں دہشت گردوں کی مدد کرنے کے الزام میں فرد جرم عائد کر دی۔ریاست کنیکٹی کٹ کی ڈسٹرکٹ کورٹ نے برطانوی شہری بابر احمد اور سید طلحہ احسان پر دہشت گردی میں استعمال ہونیوالی اشیا کی فراہمی میں مدد اور سازش کرنے کے الزام میں فرد جرم عائد کی ہے۔ دونوں ملزمان کو گزشتہ سال برطانیہ سے بے دخل کرکے امریکہ منتقل کیا گیا تھا۔ بابر اور احسان پر ویب سائٹ کے ذریعے افغانستان میں دہشت گروں کے لیے رقم جمع کرنے اور دہشت گردی کیلئے لوگوں کوبھرتی کرنے سمیت دیگر الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ دونوں ملزمان نے اپنے اوپرلگائے جانیوالے الزامات کو مسترد کیا ہے جبکہ سزا 4 مارچ کو سنائی جائے گی۔