سندھ نے واجب الادا رقم نہ دی تو بجلی کاٹ دیں گے:عابد شیر علی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر مملکت برائے پانی وبجلی اور کے ای ایس سی انتظامیہ کے درمیان ایک بار پھر لفظی جنگ شدت اختیارکرگئی ہے اورعابد شیر علی نے کے ای ایس سی کو بجلی کی فراہمی کا معاہدہ غیرقانونی جبکہ کے ای ایس سی نے اسے کراچی سے بجلی چھیننے کے مترادف قرار دے دیا ہے۔عابد شیر علی نے اپنی توپوں کا رخ ایک بار پھر سندھ اور کے ای ایس سی کی جانب موڑ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کے ای ایس سی کو بجلی کی فراہمی کا معاہدہ غیر قانونی ہے، جس پر نظر ثانی کے لیے عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کے ای ایس سی منافع بھی زیادہ لے رہی ہے لیکن مختلف اداروں کے 100 ارب روپے سے زائد کے واجبات ادا کرنے کا نام نہیں لیا جارہا۔عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ وزارت نے یہ اصولی فیصلہ کیا ہے کہ جہاں واجبات کی ادائیگی کم ہے وہاں لوڈ شیڈنگ بھی زیادہ ہوگی، سندھ حکومت کے ذمے بجلی کے واجبات کی مد میں 50 ارب روپے ہیں واجب الادا ہیں اگر یہ رقم ادا نہ کی گئی تو تو بجلی کاٹ دیں گے۔