کراچی کا میئرکون؟ایم کیو ایم سرپرائز دے سکتی ہے

کراچی کا میئرکون؟ایم کیو ایم سرپرائز دے سکتی ہے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

تجزیہ/نعیم الدین

کراچی اور حیدرآباد کا میئر کون بنے گا۔ یہ ایک ایسا سوال ہے کہ کراچی کے عوام کو اس کا بے چینی سے انتظار ہے۔ اس سلسلے میں متحدہ کی جانب سے لندن میں غوروحوض کیا جارہا ہے ۔ تاہم سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں متحدہ کی جانب سے کوئی سرپرائز دیا جاسکتا ہے۔ کوئی ایسا نام بھی سامنے آسکتا ہے جس پر تمام حلقے حیرت زدہ ہوسکتے ہیں۔ ان حلقوں کا کہنا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ موجودہ صورتحال میں سندھ حکومت میں بھی شامل ہوسکتی ہے تاہم اگر متحدہ کا اتحاد ہوتا ہے تو وہ اہم وزارتیں جن میں وزارت داخلہ اور بلدیات کے ساتھ صحت کے شعبے کے قلمدان متحدہ طلب کرسکتی ہے۔ لیکن وزارت داخلہ کا قلمدان جو کہ وزیراعلیٰ سندھ عموماً اپنے پاس رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس قلمدان پر حکومت کی جانب سے معذرت کی جاسکتی ہے۔ جبکہ دوسری جانب رینجرز کے اختیارات کی توثیق میں تاخیر کے باعث شہر میں ایک بار پھر ڈکیتیوں اور رہزنی کی وارداتیں شروع ہوگئی ہیں جس سے شہری خو ف کا شکار ہورہے ہیں۔ ان شہریوں کے کافی عرصے سے حقوق چھینے جارہے تھے اور یہ سلسلہ کافی عرصے سے جاری تھا۔ کراچی میں سینکڑوں افراد ٹارگٹ کلنگ کا شکار ہوئے، سینکڑوں افراد تاوان کے لئے اغوا ہوئے ۔ رینجرز کو اختیارات حکومت سندھ کی درخواست پر دیے گئے تھے لیکن اختیارات میں توثیق کرنے میں حکومت کی جانب سے شرائط رکھی گئی ہیں جس کی وجہ سے اختیارات دینے میں پش و پیش سے کام لیا جارہا ہے۔ لیکن توقع ہے آج کل میں یہ مسئلہ حل کرلیا جائے گا۔ کیونکہ اگر رینجرز کو اختیارات نہ دئیے گئے تو انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری رہیں گی۔ پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں انسانی حقوق کا خیال آٹے میں نمک کے برابر بھی نہیں کیا جاتا اور کہا جاتا ہے کہ جس کی لاٹھی اس کی بھینس۔ کیونکہ ملک میں جاگیردارانہ اور وڈیروں کا راج ہے۔ جہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں ، کیونکہ یہ سلسلہ انگرویزں کے دور سے جاری و ساری ہے۔ سندھ اسمبلی میں گذشتہ روز ہونے والے اجلاس میں فنکشنل لیگ ، ن لیگ ، پی ٹی آئی نے رینجرز کے اختیارات میں اضافے سے متعلق مشترکہ قرارداد لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب حسنین مرزا نے بھی رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے حق میں بات کی ۔

مزید :

تجزیہ -