اداروں کی بحالی اور شفافیت پو کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا:محمود خان

اداروں کی بحالی اور شفافیت پو کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا:محمود خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پشاور شہر میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے ، پینے کے پانی کی فراہمی ، کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے اورتحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن اور ڈبلیو ایس ایس پی اور پی ڈی اے کے مابین باہمی کوآرڈنیشن کے ذریعے شہر کی خوبصورتی کیلئے جامع پلان تشکیل دینے اور اس پر فوری طور پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی ہے ۔وہ آج اپنے دفتر وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ڈبلیو ایس ایس پی ، ٹی ایم اے اور پی ڈی اے کے ایک مشترکہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ اجلاس میں وزیربلدیات و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی ، ایم این اے شوکت علی، پشاور سے منتخب تمام ایم پی ایز ، ڈسٹرکٹ ناظم ارباب عاصم ، سیکرٹری بلدیات و دیہی ترقی ظاہر شاہ، کمشنر و ڈپٹی کمشنر پشاور، بورڈ آف ڈائریکٹرز ڈبلیو ایس ایس پی طاہر اعظم، سی ای او ڈبلیو ایس ایس پی، خورشید خان ، چیئرمین سی ایل سی (ڈبلیو ایس ایس پی) ، حاجی جاوید ، سید شیر ناصر ، ڈاکٹر اقبال خلیل، ڈاکٹر راشد ریحان، پی ڈی ایم ایس پی و دیگر نے شرکت کی ۔وزیراعلیٰ کو ڈبلیو ایس ایس پی، پی ڈی اے ، ٹی ایم اے کے درمیان مختلف نوعیت کے مسائل اور پشاور شہر میں صفائی ، سنیٹیشن اور واٹر سپلائی کے حوالے سے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں ایک تفصیلی بریفنگ دی گئی وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ مذکورہ ادارے دو ہفتوں کے اندر اندر اپنے تمام تر مسائل باہمی رضامندی اور خوش اسلوبی سے حل کرے۔اور رپورٹ حکومت کو ارسال کرے۔ مذکورہ ادارے اپنے اپنے اختیارات کا تعین بھی کرے۔اجلاس نے وزیراعلیٰ کو ڈبلیو ایس ایس پی کی کارکردگی اور اس کو درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ریونیو کلیکشن اور غیر قانونی پانی کے کنکشن کی بیخ کنی کیلئے ادارے کو پولیٹیکل سپورٹ کی ضرورت ہے۔ اجلاس کو غیر قانونی پانی کے کنکشن ، نادہندگان سے وصولی ، ڈبلیو ایس ایس پی کیلئے وسائل بڑھانے وغیرہ سے متعلق حکمت عملی بھی پیش کی گئی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اداروں کی بحالی اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور قانون کے مطابق سب کے ساتھ یکساں سلوک رکھا جائے گا۔ اجلاس میں ڈبلیو ایس ایس پی کی پشاور میں واٹر سپلائی، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ،سیوریج اور ڈرینیج سسٹم اور اس ادارے کے اس طرح کے دوسرے امور پر بھی بحث کی گئی۔ مزید یہ کہ جبہ ڈیم ، باڑہ ڈیم اور مہمند ڈیم کے حوالے سے بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔ڈبلیو ایس ایس پی کو وسائل پیدا کرنے سے متعلق اجلاس کو بتایا گیا ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت کسی بھی غیرقانونی کام کی حمایت نہیں کریگی اور تمام غیرقانونی کنکشن اور ناوہندہ کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری حکومت کی یہ پالیسی ہے کہ اداروں میں ہر کام شفاف اور میرٹ کو ملحوظ خاطر رکھ کر کیا جائے گا۔ انہوں نے اداروں کو ایک دوسرے کے ساتھ تعاون اور یکسوئی سے معاملات حل کرنے کی ہدایت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح صوبہ ترقی اور خوشحالی کی طرف گامزن ہوگا۔