آئین میں ترمیم کا بل پیش کرنے کی اجازت ،اپوزیشن کی مخالفت،اسمبلی سے واک آﺅٹ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے رکن اسمبلی رمیش کمار کو آئین میں ترمیم کا بل پیش کرنے کی اجازت دیدی۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی رمیش کمار نے آئین میں ترمیم کا بل قومی اسمبلی پیش کیا تو پیپلزپارٹی سمیت اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے بل کی مخالفت کی گئی،اس پر سپیکر اسد قیصر نے بل پیش کرنے کیلئے رائے شماری کی،رائے شماری کے بعدایوان نے بل پیش کرنے کی اجازت دیدی گئی۔
رمیش کمار نے بل کے ذریعے پانچ آرٹیکلزمیں ترمیم کی تجویزدی ہے ،بل میں تجویز کیا گیا ہے کہ پانچ لاکھ سے زائدآبادی والے شہرمیں خواتین کی یونیورسٹی ہونی چاہئے،قومی وصوبائی اسمبلیوں میں اقلیتوں کی مخصوص نشستوں میں اضافہ کیاجائے۔بل میں تجویز دی گئی ہے کہ مجلس شوریٰ کاکوئی رکن ووٹ بیچے یاخریدے توتاحیات نااہل کیاجائے،اقلیتوں کوجنرل نشست پربھی ووٹ ڈالنے کاحق دیاجائے۔بل کے حق میں 89 اورمخالفت میں 86 ووٹ پڑے جس پر سپیکر نے آئین میں ترمیم کابل متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپردکردیا،اس پر اپوزیشن جماعتوں کے ارکان قومی اسمبلی سے واک آﺅٹ کر گئے۔