فرد قائم ربطِ ملت سے ہے 

فرد قائم ربطِ ملت سے ہے 
فرد قائم ربطِ ملت سے ہے 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

جب کبھی اپنے وطن عزیز پاکستان کی آزادی و ترقی کے حوالے سے سوچتے ہیں تو ذہن میں یہ سوال اٹھتا ہے کہ 1947 سے لیکر آج 2018 کے اختتام تک 71 سالوں میں کیا ہم نے وہ ترقی حاصل کرلی ہے جسکے ہم خواہاں تھے ؟ اگر ہاں تو وہ ترقی ہے کہاں اور اگر نہیں تو اسکی وجہ صرف اور صرف نااتفاقی ہے۔ کامیابی و ترقی کہیں نظر آئے یا نہ آئے لیکن نااتفاقی اور فساد ہمارے ملک کے ہرکونے میں نظرآتا ہے۔ کہیں مذہب کے نام جنگ تو کہیں قوم پرستی کے نام پرخون بہتا نظرآتا ہے جن نوجوانوں کو آج اپنے ملک کیلیے خون پسینہ ایک کرنا چاہیے تھا وہی ہتھیار اٹھا کراپنی ہی قوم کے خلاف اٹھ کھڑے ہیں۔ علامہ محمد اقبال کہتے ہیں 
افراد کے ہاتھوں میں ہے اقوام کی تقدیر 
ہرفرد ہے ملت کے مقدر کا ستارہ 
جب تک کسی قوم کے افراد ایک مرکز سے جڑے ہوتے ہیں اور اتحاد کامظاہرہ کرتے ہیں تب تک انکو توڑا نہیں جاسکتا اور انکو تباہ کرنا ناممکن سی بات بن جاتی ہے اور وہ متفق ہوکر ناصرف اپنی قوم کو بلندیوں پر پہنچا دیتے ہیں بلکہ دوسری اقوام کو تسخیر کرکے ان پر تسلط حاصل کرسکتے ہیں لیکن جب اسی قوم کے افراد اپنے مرکز سے بھٹک جاتے ہیں تو انہیں تباہ و برباد کرنا چنداں مشکل نہیں رہتا کیونکہ انکی طاقت انکے متحد ہونے میں ہی ہے ۔ذرا سوچیے ! دو بیلوں کے اس مشہور قصے کے بارے میں کہ متحد ہوکر ہمیشہ شیر کے ہروار کامقابلہ کرتے رہے لیکن لومڑی کی چالاکی کی وجہ سے بچھڑ کر آسانی سے شیر کاشکار بن گئے۔ بالکل اسی طرح جب قوم کے افراد ملکر اپنی قوم کا دفاع کرتے ہیں تو کامیابی انکا مقدر بن جاتی ہے جب کہ اختلافات کی بنا پر ٹوٹ کر بکھرنے والے آسانی سے حملوں کاشکار ہوجاتے ہیں۔ یہی وہ وقت ہے کہ ہم مسلمان قرآن و حدیث کے روشن آئینے میں اپنا احتساب کریں اور اللہ سے دعا کرتے رہاکریں کہ اے اللہ تونے ہمیں پاکستان دیا ہے اور تونے ہی اسکی حفاظت کیلیے ایٹمی توانائی عطا کی اور تونے ہی ہمیں طاقتورمسلح افواج عطا کی ہے جو ہرلمحہ نظریاتی سرحدوں کی حفاظت پرمعمور ہیں اور انکا مقصدحیات یہی ہے کہ بچ گئے تو غازی اور سرحدوں کے دفاع میں خالقِ حقیقی سے جاملے تو شہید ہوتے ہیں۔ اللہ کا یہ انعام اور اعزاز صرف اور صرف مسلمانوں کو ہی حاصل ہے ۔
اللہ کی مہربانی سے پاکستان کو 1965 میں کامیابی حاصل ہوئی اور اللہ نے ہی 1971 میں پاکستان کودنیا کے نقشے پربرقرار رکھا اور پاکستان کونقصان پہنچانے اور اسے تقسیم کرنے والوں کی سازش تیار کرکے عملدرآمد کرنے والوں کاایسا عبرتناک انجام کیا کہ جو تاریخ کے صفحات میں محفوظ ہے اور آئندہ کبھی ایسا سوچنے والوں کیلیے ایک سبق ہے ۔اللہ تعالٰی جو اپنے بندوں پرمہربانیاں کرتا ہے اس سے ہر عقل و شعور رکھنے والا پوری طرح آگاہ ہے ۔اللہ تعالٰی نے پاکستان کانام دنیاکے تمام شعبوں میں صفِ اوّل میں شامل رکھاہے۔ دنیا حیران ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف ہر شعبہ میں صف بندیاں کرکے پاکستان کومنزل سے روکنے کی کوشش کرتے ہیں ۔اس پر ہرطرف سے تابڑتوڑ حملے کرکے گھیرتے ہیں لیکن پاکستان کو چین جیسے عظیم ترین ملک کی حمایت حاصل ہوجاتی ہے اور سی پیک کا اربوں ڈالرز کا معاہدہ بھی ہوجاتا ہے ۔دنیا اسکو پیچھے دھکیلنے میں اپنا کوئی بھی لمحہ ضائع نہیں کرتی۔ بطورپاکستانی سب کی دعا ہونی چاہیے کہ اے اللہ ! ہماری تجھ سے ایک التجا ہے کہ پاکستان جو ہم سب کا گھر اور ہماری پہچان ہے اسکے تمام ماضی و حال اور مستقبل میں حکمرانی کرنے والے حکمرانوں اور ہرصاحب اختیار رہنے والوں کے دلوں میں ناجائز دولت کمانے کے عمل سے نفرت پیدا کردے اور پاکستان کوکرپشن سے پاک فرما،پاکستان کا سرمایہ بے دریغ لوٹا گیا ہے اور لوٹنے جو بھی کوئی ہیں، کسی خوف میں مبتلا نہیں ،ہماری تجھ سے دعا ہے کہ تونے پاکستانی قوم کو ہرمشکل گھڑی میں سرخرو کیا ہے ۔آج ہم سب کے دلوں میں ناجائز دولت کمانے سے نفرت پیدا کردے اور اس عمل میں مصروف لوگوں کو خود ہی پکڑ تاکہ تیری عطاکردہ سرزمینِ پاک ترقی کرتے ہوئے دنیا میں تیرا جھنڈا بلند کرنے میں متحد ہوکر اپنا کردار اداکرتی رہے۔

۔

نوٹ:یہ بلاگر کاذاتی نقطہ نظر ہے جس سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں ہے ۔

مزید :

بلاگ -