اور اب گوگل نے سمارٹ جیکٹ بھی متعارف کروادی
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) سمارٹ فونز کے بعد سمارٹ گھڑیاں آئیں اور اب گوگل نے سمارٹ جیکٹ بھی متعارف کروا دی ہے۔ ویب سائٹ gadgetsnow.com کے مطابق گوگل نے یہ جیکٹ ملبوسات بنانے والی بین الاقوامی کمپنی ’لیوی‘ (Levi)کے اشتراک سے تیار کی ہے۔ اس میں یہ حیران کن فیچر ہے کہ یہ صارفین کو ان کے سمارٹ فون کے متعلق یاد دلائے گی۔ جب کوئی شخص گھر سے نکلتے ہوئے سمارٹ فون بھول جائے گا تو جیکٹ اسے بتائے گی کہ وہ فون گھر بھول کر جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ اگر کوئی صارف اپنا فون کہیں رکھ کر بھول جائے گا تو جیکٹ اسے بتائے گی کہ اس نے فون کہاں رکھا تھا۔ رپورٹ کے مطابق اس فیچر کو ’آلویز ٹوگیدر‘ (Always Together)کہا جاتا ہے۔ جب صارف کا سمارٹ فون جیکٹ سے زیادہ فاصلے پر جائے گا تو یہ فیچر ایکٹو ہو جائے گا اور صارف کو اس سے مطلع کر دے گا۔ اس کے علاوہ اس یہ جیکٹ فون میں آنے والی کالز، ٹیکسٹ میسجز وغیرہ کے متعلق بھی صارف کو آگاہ کرے گی اور اس پر موسیقی بھی پلے کرے گی۔اس جیکٹ کی قیمت صرف350ڈالر (تقریباً 48ہزار روپے) رکھی گئی ہے۔