وزیر اعظم کا ملک کی تین بڑی جامعات میں سیرت چیئر قائم کرنے کا اعلان ،بڑے خواب دیکھنے والا شخص بڑے چیلنجز قبول کرتا ہے:عمران خان

وزیر اعظم کا ملک کی تین بڑی جامعات میں سیرت چیئر قائم کرنے کا اعلان ،بڑے خواب ...
وزیر اعظم کا ملک کی تین بڑی جامعات میں سیرت چیئر قائم کرنے کا اعلان ،بڑے خواب دیکھنے والا شخص بڑے چیلنجز قبول کرتا ہے:عمران خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ  انسان کی پہچان اس کے ارادوں اور اس کی سوچ سے ہوتی ہے،جو شخص بڑے خواب دیکھتا اور بڑے چیلنجز قبول کرتا ہے وہ اتنا ہی بڑا انسان بنتا ہے،ہم نے عہد کیا ہے کہ پاکستان کو ریاستِ مدینہ کے اصولوں پر چلائیں گے، آنحضرت ﷺ  کی سیرت طیبہ پر ریسرچ کے فروغ کے لیے ملک کی تین بڑی جامعات میں ’’سیرت چیئر ‘‘قائم کی جا رہی ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق کیڈٹ کالج مستونگ کے طلبا سے وزیر اعظم آفس میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ طالب علموں کے ضروری ہے کہ وہ دنیا کے سب سےعظیم لیڈر ہمارے پیغمبر آنحضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی حیاتِ مبارکہ کے بارے میں تعلیم حاصل کریں تاکہ آپﷺ کی سیرتِ طیبہﷺ سے رہنمائی حاصل کرسکیں۔ انہوں نے طلبا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یاد رکھیں کہ ہر چھوٹی کامیابی انسان کو بڑی کامیابی کے لئے تیار کرتی ہے،انسان جب تک محنت جاری رکھتا ہے اس وقت تک وہ بڑا شخص بنتا جاتا ہے، زندگی میں یاد رکھیں کہ انسان ہارتا اس وقت ہے جب وہ ہار مان لیتا ہے،اچھا اور برا وقت زندگی کا حصہ ہوتے ہیں اور برا وقت انسان کو سبق سکھاتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مختلف طبقات کے لیے مختلف نظام تعلیم کی کسی بھی معاشرے میں کوئی گنجائش نہیں ہوتی ،ہمارے ملک میں تین طرح کے نظام تعلیم نے مسائل کو جنم دیا ہے،ہماری کوشش ہے کہ ملک بھر میں یکساں اورمعیاری نصابِ تعلیم رائج کیا جائے۔وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ  مختلف وجوہات کی بنیاد پر بلوچستان ملک کے دیگر حصوں سے پیچھے رہ گیا ، ہماری پوری کوشش ہوگی کہ بلوچستان کی تعمیر و ترقی اور خصوصا ً طالب علموں کو وظائف دے کر تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنے میں مدد دی جائے،ولیج لیول پر ترقیاتی فنڈز کی فراہمی سے بلوچستان کے علاقوں کی پسماندگی دور کرنے میں مدد ملے گی،نئے بلدیاتی نظام میں ترقیاتی فنڈز نچلی سطح پر منتقل کیے جائیں گے،ملک بھر میں سپورٹس کا نیا نظام لائیں گے تاکہ نوجوانوں کو کھیل کے میدان میں اپنی صلاحیتیوں کے جوہر دکھانے کے مواقع میسر آئیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پانی کے بڑے سنگین مسائل ہیں ، بڑھتی ہوئی آبادی اور زیر زمین پانی کی سطح کے مزید نیچے جانے سے یہ مسئلہ اور بھی سنگین ہو چکا ہے، اس مسئلے پر قابو پانے کے لئے جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان سے طلبا نے دوران ملاقات مختلف موضوعات پر گفتگو کی اور سوالات بھی پوچھے جبکہ ملاقات میں وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال بھی موجود تھیں۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -