خواجہ برادران کی گرفتاری پر آصف علی زرداری بھی میدان میں آگئے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق صدر آصف علی زرداری نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی گرفتاری قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے مخالفین کو جیلوں میں ڈال کر کوئی بھی حکومت پائیدار نہیں ہو گی، سیاسی رہنماوں کی گرفتاریوں سے حکومت کے عزائم بے نقاب ہو رہے ہیں۔میڈ یا رپورٹس کے مطابق خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی گرفتاری پر اپنے ردعمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اپنے مخالفین کو جیلوں میں ڈال کر کوئی بھی حکومت پائیدار نہیں ہوگی۔ پیپلز پارٹی کی خواہش رہی کہ ہر حکومت اپنی معیاد پوری کرے لیکن سلیکٹڈ وزیر اعظم نہیں چاہتے کہ پارلیمنٹ مضبوط ہو اور ہر فیصلہ پارلیمنٹ میں ہو۔انہوں نے کہا کہ حکومت پارلیمنٹ کا ماحول کشیدہ کرنے اور مخالفین کو احتساب کی آڑ میں انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے، لاڈلے کو قوم پر مسلط تو کیا گیا ملکی معاملات حل کرنے کی صلاحیت نہیں، انتقامی کارروائیوں سے سیاسی قیادت اورپارٹیاں ہرگز کمزور نہیں ہوں گی۔سابق صدر نے مزید کہا کہ اس طرح پارٹیاں عوام میں پذیرائی اور مقبولیت حاصل کرتی ہیں، ملک خطرناک معاشی بحران کا شکار ہو رہا ہے، حکومت توجہ ہٹانے کے لئے سیاسی قیادت کو انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔