وزیر اعظم کے بیانات خطرناک ، قومی اداروں کے نام اپنے ایجنڈے کیلئے استعمال کئے جارہے ہیں:احسن اقبال کاالزام
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہاہے کہ وزیر اعظم کے بیانات بہت خطرناک ہیں، دو قومی اداروں کو اپنے ایجنڈے کیلئے استعمال کیاجارہاہے۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ ن پہلی بار ان حالات سے نہیں گزر رہی بلکہ اس سے قبل بھی مشرف دور میں مسلم لیگ ن شریف خاندان کی قیادت سے محروم ہوگئی تھی ، یہ نئی صورت نہیں ہے بلکہ یہ ایک سیاسی انجینئر نگ ہے ، مسلم لیگ ن برقرار رہے گی ۔
انہوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹر کیس ، بنی گالا ، خیبر بینک کے مقدمات زیر التواءہیں ، مالم جبہ اورعلیمہ خان کے مقدمات بھی ہیں لیکن تجاوزات کی آڑ میں لوگوں کوبے روز گار کردیا گیاہے، حکومت فوج اورعدلیہ کی دھونس دے رہی ہے اور اپنے ایجنڈے کیلئے دو قومی اداروں کے ناموں کو استعمال کیا جارہاہے ، یہ ملک کے لئے اچھانہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے بیانات بہت خطرناک ہیں، فوج اور عدلیہ کا آئین اور قانون کے مطابق حکومت کے ساتھ تعلق ہوتاہے ۔