’تحریک انصاف عدالتی التوا نہ لیتی تو۔۔۔‘شہبازشریف بھی اورنج لائن کے آزمائشی سفرپربول اٹھے

’تحریک انصاف عدالتی التوا نہ لیتی تو۔۔۔‘شہبازشریف بھی اورنج لائن کے ...
’تحریک انصاف عدالتی التوا نہ لیتی تو۔۔۔‘شہبازشریف بھی اورنج لائن کے آزمائشی سفرپربول اٹھے

  



لندن(ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور میں میٹروارنج لائن ٹرین کی ٹیسٹ ڈرائیو پر سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا ردعمل بھی آگیا۔انہوں نے کہا اگر تحریک انصاف عدالتی التوانہ لیتی تو یہ پراجیکٹ اٹھارہ مہینوں تک رکا نہ رہتا اور دوسال قبل مکمل ہوکر لوگوں کے کام آسکتا تھا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پرکئے گئے سلسلہ وار ٹویٹس میں انہوں نے کہا” بطور لاہوری اوراورنج لائن پراجیکٹ کیلئے اپنی توانائیاں صرف کرنے والے کے طور پر میں اورنج لائن کے دوسرے ٹیسٹ رن پر لاہور کے لوگوں کو مبارکبادپیش کرتا ہوں۔یہ عام آدمی کی ان اشرافیہ کیخلاف کامیابی ہے جس نے عوامی فلاح کے اس منصوبے میں رکاوٹ ڈالی۔“

اپنے سلسلہ وار ٹویٹس میں شہباز شریف نے مزید لکھا کہ ا ن کی حکومت تھکادینے والے مذاکرات،بچت پروگرامز اور پائی پائی بچانے کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ستر ارب روپے کی مجموعی رعائت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا پیپرا قوانین مذاکرات کیلئے پابند نہیں کرتے تاہم پھر بھی ہم نے یہ مشکل لین دین کیا۔انہوں نے کہا ان کی حکومت میں اس پورے پراجیکٹ پر مجموعی طور پر چھ سو اسی ارب ڈالرز بچائے گئے۔

انہوں نے کہا اگر تحریک انصاف عدالتی التوا نہ لیتی تو یہ پراجیکٹ اٹھارہ مہینوں تک رکا نہ رہتا اور دوسال قبل مکمل ہوکر لوگوں کے کام آسکتا تھا۔ان کی نااہلی سے نہ صرف منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا بلکہ اس کی لاگت بڑھی اور ٹریفک جام اور آلودگی بھی برداشت کرنا پڑی۔

شہبازشریف نے کہا اورنج لائن تمام موسموں کے دوستوںپاکستان اور چین کے برادرانہ تعلقات کی علامت ہے۔وہ سمجھتے ہیں کہ اورنج لائن پراجیکٹ چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کا پاکستانی عوام کیلئے تحفہ ہے۔وہ چینی قیادت اور سفیر کے تعاون پر ان کے شکرگزار ہیں۔

سابق وزیر اعلیٰ نے پراجیکٹ کی تکمیل کیلئے کام کرنے والے تمام انجینئرز اور مزدوروں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

واضح رہے گزشتہ روز پنجاب حکومت نے میٹرواورنج لائن کا ٹیسٹ رن کیا تھا،اس موقع پر صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ، پنجاب حکومت کے اعلیٰ حکام اور میڈیا پرسنز بھی آزمائشی سفر کا حصہ بنے تھے۔

مزید : قومی


loading...