سانحہ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ،شہباز شریف کا اعلی سطح کی تحقیقات کا مطالبہ

سانحہ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ،شہباز شریف کا اعلی سطح کی تحقیقات کا ...
سانحہ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ،شہباز شریف کا اعلی سطح کی تحقیقات کا مطالبہ

  



لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدرو قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ہنگامی آرائی کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی اعلی سطحی اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرانے کا مطالبہ کر دیا۔

اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ غنڈہ گردی میں جو بھی ملوث ہے اسے معاف نہ کیاجائے،آج جو کچھ ہوا اس پر ہر پاکستانی کا سر شرم سے جھک گیا ہے، مریضوں کی اموات پر بے حد صدمہ ہے،بے گناہ جان سے جانے والے مریضوں کو کیا زرِتلافی کوئی دے سکتا ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ میں ملوث عناصر کو قانون کے تحت سزا ملنی چاہیے،آج صرف اور صرف پاکستان اور معاشرے کا نقصان ہوا جس پر دلی رنج وغم ہے۔اُنہوں نے کہا کہ پڑھے لکھے طبقات کے درمیان تصادم ہونا حکومتی بدانتظامی کی بدترین مثال ہے،واقعات بتارہے ہیں کہ حکومت نے صورتحال کی سنگینی کو سمجھا نہ ہی تدارک میں سنجیدگی دکھائی۔ڈاکٹرز اور وکلاء کے اس جھگڑے کی اصل قیمت بے گناہ اور معصوم مریضوں نے اپنی جان سے ادا کی،قانون پڑھنے والے قانون ہاتھ میں لیں گے تو پھر قانون اور انصاف کا نظام کیسے چلے گا؟زخموں پر مرہم لگانے والے زخم لگانے لگیں تو پھر مسیحائی کیسے ہوگی۔

مزید : قومی