قومی باﺅلرز سری لنکن ٹیم کو کتنے رنز تک آﺅٹ کرنے کی کوشش کریں گے؟ نسیم شاہ نے اپنا منصوبہ بتا دیا

قومی باﺅلرز سری لنکن ٹیم کو کتنے رنز تک آﺅٹ کرنے کی کوشش کریں گے؟ نسیم شاہ نے ...
قومی باﺅلرز سری لنکن ٹیم کو کتنے رنز تک آﺅٹ کرنے کی کوشش کریں گے؟ نسیم شاہ نے اپنا منصوبہ بتا دیا

  



راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ باﺅلر نسیم شاہ کا کہنا ہے کہ وہ پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز سری لنکن ٹیم کو 250 سے کم رنز تک آﺅٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ٹیسٹ میچ کے پہلے روز سری لنکا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 96 رنز بنائے جس کے بعد پاکستانی باﺅلرز نے فائٹ بیک کرتے ہوئے 202 کے مجموعی سکور پر سری لنکا کے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا دی۔

نسیم شاہ پاکستان کی جانب سے ترپ کا پتہ ثابت ہوئے جنہوں نے 16 اوورز میں صرف 51 رنز دئیے اور دو اہم وکٹیں بھی حاصل کیں۔ میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا ”ہم پہلے سیشن میں اچھی باﺅلنگ نہیں کر سکے۔ میں نے کھانے کے وقفے سے قبل بھی وکٹیں لینے کی کوشش کی لیکن کامیابی نہیں ملی۔ ہم دوسرے روز بہترین باﺅلنگ کر کے سری لنکا کو 250 رنز تک محدود کرنے کی کوشش کریں گے۔“

نسیم شاہ نے سری لنکن اوپنر اوشاڈا فرنینڈو کو 40 رنز پر آﺅٹ کیا جس کے بعد تیسرے سیشن میں اینجلو میتھیوز کو بھی آﺅٹ کر دیا جبکہ تماشائی بھی ان کی عمدہ کارکردگی کی داد دیتے رہے جس پر فاسٹ باﺅلر کا کہنا تھا کہ ”ملکی میدان پر اپنوں کے سامنے پاکستان کی نمائندگی کا موقع ملنے پر بہت خوش ہوں۔ تماشائی ہر گیند پر خوشی منا رہے تھے، میں ان تمام لوگوں کا شکرگزار ہوں جو وقت نکال کر ہماری سپورٹ کیلئے سٹیڈیم آئے۔“

مزید : کھیل