حافظ سعید پر فرد جرم عائد ہونے سے پاکستان کا بیرون ملک اچھا تاثر قائم ہوگا، صحافی عامر رانا کا دعویٰ

حافظ سعید پر فرد جرم عائد ہونے سے پاکستان کا بیرون ملک اچھا تاثر قائم ہوگا، ...
حافظ سعید پر فرد جرم عائد ہونے سے پاکستان کا بیرون ملک اچھا تاثر قائم ہوگا، صحافی عامر رانا کا دعویٰ

  



لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)سینئر تجزیہ کار اور معروف صحافی محمد عامررانانے کہاہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے کالعدم جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ سعید پر فردِ جرم عائد کرنے سے پاکستان کا بیرون ملک اچھا تاثر قائم ہوگا ۔

دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ “میں گفتگو کرتے ہوئے محمدعامر رانا نے کہا کہ انسداددہشت گردی عدالت کی طرف سے حافظ سعید پر فرد ِجرم عائد کی گئی ہے،کسی بھی کالعدم تنظیم کے یہ پہلے سربراہ ہیں جن پر فردِ جرم عائد کی گئی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ اس فردِجرم میں دہشت گردوں کی مالی اَعانت کے الزامات ہیں کہ حافظ سعید نے فیصل آباد کے ایک جلسے میں فنڈنگ کیلئے اپیل کی تھی لیکن اس سے متعلق حافظ سعید کا کہناہے کہ وہ اپیل جہاد کیلئے نہیں تھی بلکہ فلاحی مقاصد کیلئے کی گئی تھی ۔

اُنہوں نے کہا کہ اس خبر سے پاکستان کا بیرون ملک اچھا تاثر جائے گا، اگر انڈیا کادباؤ نہ بھی ہوتو چند ممالک چاہتے ہیں کہ پاکستان پر ایک دباؤ برقرار رہے ،حافظ سعید پرفردِجرم عائد کرنے سے عالمی سطح پر پاکستان کے حوالے سے چائنہ کی پوزیشن بھی بہتر ہوجائے گی۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور