قانون کے محافظ ہی عوام کو لوٹنے لگے ، پولیس اہلکارچوروں کی گینگ کا سرغنہ نکلا
شکرگڑھ(ڈیلی پاکستان آن لائن) شکرگڑھ تھانہ سٹی میں تعینات پولیس اہلکار چوروں کی گینگ کا سرغنہ نکلا، پولیس نے جب چوروں کا گینگ پکڑا تو ان کا اپنا ہی پیٹی بھائی چوروں کا سرغنہ نکلا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی شکرگڑھ کے ملازم کانسٹیبل عادل خان اپنے ساتھیوں ہیڈ کانسٹیبل وسیم ملک اور کانسٹیبل محمد عارف چوروں کی وارداتوں میں ملوث نکلے۔ شہری اظہر مجید نے اپنی مدد آپ کے تحت چوروں کی تلاش جاری رکھی اور تھانہ سٹی کو رپورٹ کی تو پولیس نےکارروائی کی اور تینوں اہلکاروں کو گرفتار کرلیا۔
پولیس نے ملزم کانسٹیبل عادل خان کے گھر سے درجنوں موٹرسائیکل برآمد کر کے مقدمہ درج کرلیا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اس پولیس گینگ نے پورے شہر میں بد عنوانی اور رشوت ستانی کا ماحول پیدا کر رکھا تھا اور چوروں کے ساتھ مل کر شہریوں کی جان و مال کو تحفظ دینے کی بجائے لوٹ مار میں ملوث رہے ان کو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے۔