عمران خان کی صورت میں ہم پر عذاب نازل ہوا ، خورشید شاہ

 عمران خان کی صورت میں ہم پر عذاب نازل ہوا ، خورشید شاہ

  

 سکھر(آئی این پی)پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر سید خورشیداحمد شاہ نے کہاہے کہ ہم سے بھی کوئی کوتاہیاں اور گناہ ہوئے ہیں کہ عمران خان کی صورت میں ہم پر عذاب نازل ہوا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ کے دیگر شہروں کی طرح سکھر میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی کی کال پر مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف پیپلزپارٹی ضلع سکھر کے زیر اہتمام سٹی بائی پاس پر دیئے جانے والے دھرنے میں  سینکڑوں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، دھرنے میں رکن قومی اسمبلی نعمان اسلام شیخ،پی پی ضلع سکھر کے حاجی انور خان مہر، پی پی سٹی سکھر کے مشتاق سرھیو، ڈاکٹر ارشد مغل، چوہدری اظہر حسنین سمت پی پی ذیلی تنظیموں کے عہدے داروں سمیت دیگر کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف نعریبازی کی، مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سید خورشید احمد شاہ و دیگر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے تھے کہ اگر ملک میں مہنگائی ہو تو حکمران کرپٹ ہوتا ہے اب حکومت میں کرپشن ہوئی ہے میں الزام نہیں لگارہا مگر مجبورا کہنا پڑتا ہے یہ حکومت تو گیس ہی نہیں اربوں روپے  لوٹ کر کھاگئی ہے  ملک میں پیٹرول مہنگا ہے گیس کا بحران ہے لاکھوں لوگوں کو روزگار سے نکال کر ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے ہیں ہمارا نوجوان اس انتظار میں تھے کہ انہیں روزگار ملے گا مگر آج ہر طرف بھوک ہے تنخواہ بہت کم ہے گوشت مرغی پیٹرول بجلی گیس اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا ہے اس مہنگائی میں مزدور اور عوام کہاں جائیں ڈالر ایک سو دس روپے سے ایک سو اسی روپے کا ہوگیا ہے عمران خان نے کہا تھا سب کچھ تبدیل کردوں گا اس کی تبدیلی مہنگائی کے سونامی کی صورت میں عوام پر مسلط ہے اب عوام کو سڑکوں پر آنا ہوگا اور یہ مسئلہ تب حل ہوگا جب لوگ سڑکوں پر آکر کہیں گے کہ ہمیں نیا نہیں پرانا پاکستان چاہیئے، واضح رہے کہ پیپلزپارٹی اور اس کی ذیلی تنظیموں کے کارکنوں کے دھرنے کے باعث بائی پاس پر سندھ اور بلوچستان کے درمیان ٹریفک کی آمدورفت معطل رہی اور روڈ پر دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں اور مسافروں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

خورشید شاہ

مزید :

پشاورصفحہ آخر -