حکمرانوں نے قائداعظم کے ویلفیئر سٹیٹ نظر یے سے انحراف کیا، سراج الحق 

حکمرانوں نے قائداعظم کے ویلفیئر سٹیٹ نظر یے سے انحراف کیا، سراج الحق 

  

اسلام آباد(این این آئی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کے ویلفیئر سٹیٹ کے نظریے سے انحراف کیا۔ ظالم اشرافیہ ملک پر 74سالوں سے مسلط ہے جسے غریب کے چولھے کی نہیں اپنی جیب کی فکر ہے۔ حکمرانوں کی پالیسیوں سے ملک میں امیروں اور غریبوں کے لیے دو دنیائیں بن گئی ہیں۔ ڈھائی کروڑ بچے غربت کی وجہ سے سکولوں سے باہر فیکٹریوں اور ڈھابوں میں مزدوریاں کر رہے ہیں۔ لاکھوں نوجوان بے روزگار ہیں،مگر حکمرانوں کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ غیرسنجیدگی اور نااہلیت حکومتی ایوانوں میں سرایت کر چکی ہے۔ پی ٹی آئی کا مدینہ سٹیٹ کا وعدہ دھوکا اور فریب تھا۔ وزیراعظم اب بھی ہر تقریر میں جھوٹے دعوے اور وعدے کرتے ہیں۔ مہنگائی اور غربت نے کروڑوں انسانوں کی زندگیوں کو اجیرن بنا دیا ہے۔ حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے ملک دو حصوں میں تقسیم ہوا۔ امیرا ور غریب کی تفریق یونہی بڑھتی رہی تو خدانخواستہ مزید مسائل پیدا ہوں گے۔ جماعت اسلامی فلاحی اسلامی پاکستان بنانا چاہتی ہے۔ ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جو سود سے پاک ہو، جہاں امیراور غریب کو یکساں انصاف ملے اور دونوں کے بچے ایک ہی طرح کے سکول میں جائیں۔محدود وسائل کے باوجود جماعت اسلامی اور اس سے وابستہ تنظیمیں ہر شعبہ میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے موقع دیا، تو ملک کی تقدیر سنواریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے الخدمت فاؤنڈیشن کے سکولوں میں پڑھنے والے یتیم اور بے سہارا بچوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت نے الخدمت فاؤنڈیشن کے آرفن کیئر پروگرام کے تحت حالیہ بورڈ امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے یتیم بچوں میں اعزازی شیلڈز اورانعامات تقسیم کیے۔

سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -