’’ اگر میرے والد کا حلف نامہ اور ثاقب نثار کی لیک آڈیو سچ ثابت ہوئی تو ۔۔‘‘سابق چیف جج رانا شمیم کے بیٹے احمد حسن نے بڑا بیان جاری کر دیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم کے صاحبزادے احمد حسن رانانے کہا ہے کہ ان کے والد کو اگلی سماعت پر حلف نامہ لازمی جمع کرانا ہوگا،حلف نامہ جمع نہ کرایا تو ان پر توہینِ عدالت لگ جائے گی۔
نجی ٹی وی جیونیوز کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے احمد حسن رانا کا کہناتھا کہ اگر رانا شمیم کا حلف نامہ اور ثاقب نثار کی لیک آڈیو سچ ثابت ہوگئی تو عمران خان کی حکومت گر جائے گی۔احمد حسن رانا کا کہنا تھا کہ ان کے والد ان سے مشورہ کرتے تو وہ یہی کہتے کہ ساڑھے تین سال بعد حلف نامہ جمع مت کرائیں کیوں کہ بہت دیر ہوچکی ہے لیکن سچ تو 3 کیا 10 سال بعد بھی سامنے آجائے تو کیس دوبارہ کھل سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیصل واوڈا، فواد چوہدری، مراد سعید، اٹارنی جنرل انور منصور خان سمیت دیگر حضرات جو میرے والد صاحب کے بارے میں باتیں کررہے ہیں ، ان سے پوچھیں کہ ان کی چیخیں کیوں نکل رہی ہیں؟احمد حسن رانا کا کہنا تھا کہ میرا سوال ہے کہ کیا یہ لوگ ثاقب نثار کے خاندان کے لوگ ہیں یا یہ ان کے وکیل ہیں؟