کوئٹہ ویڈیو سکینڈل، ایک اور متاثرہ لڑکی سامنے آگئی، کتنے لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کرادیا؟
کوئٹہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)لڑکیوں کی نازیبا ویڈیوز اور ان سے زیادتی کرنے والے بااثر ملزم ملزم کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق ویڈیوز سکینڈل کیس میں ایک اور لڑکی سامنے آئی جس نے گرفتار دو ملزمان سمیت تین افراد پر مقدمہ درج کروایا ہے۔ لڑکیوں کی نازیبا ویڈیو بنا کر انہیں بلیک میل کرنے میں ملوث دو گرفتار ملزمان سے تحقیقات جاری ہیں۔ دونوں ملزمان ہدایت اللّٰہ خلجی اور خلیل 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہیں۔ویڈیو سکینڈل میں ایک اور لڑکی کی جانب سے دوسرے مقدمے میں نامزد کیے گئے تیسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گرفتار ہونے والے ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والے موبائل، ویڈیوز اور یو ایس بیز کو فرانزک کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔ ویڈیو سکینڈل کے سلسلے میں ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کو مراسلہ بھی ارسال کر دیا گیا ہے۔تین قبل لڑکیوں کی نازیبا ویڈیوز بنا کر انہیں بلیک میل کرنے کا بڑا سکینڈل سامنے آیا تھا۔ملزمان کوئٹہ کے علاقے قائد آباد میں نوکری کا لالچ دے کر لڑکیوں کی نازیبا ویڈیو بنانے اور ان کو اغوا کرنے میں ملوث ہیں۔