حسان خاور کی ن لیگی ترجمانوں پر کڑی تنقید ،شریف خاندان پر گہرا طنز کردیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور کا کہنا ہے کہ زمینی حقائق سے نابلد ن لیگی ترجمان پہلے اپنے اردگرد نظر دوڑا لیں ان کا لیڈر قوم کے بچے بچے کو مقروض کرکے لندن میں بچوں سمیت مزے کر رہا ہے۔
حسان خاور نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان بہتر سفارتکاری سے عالمی سطح پر اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ہے، عالمی طاقتیں اور بین الاقوامی لیڈران آج فخر سے پاکستان کے ساتھ اپنا تعلق بتاتے ہیں ،ایک وہ دور تھا جب ملک کا کوئی کل وقتی وزیر خارجہ ہی نہ تھا۔انہوں نے کہاکہ شریف خاندان نے کچن کیبنٹ کے ذریعے ملک چلانے کی کوشش میں پاکستان کا نقصان کیا۔ شریف خاندان کا بس چلتا تو ملکی سفارتکاری بھارتی بیانیے کی ترجمانی تک محدود کر دیتے۔
حسان خاور نے کہا کہ ن لیگ ملکی سیاست سے غیر متعلق ہو چکی، کھوکھلی باتوں سے واپسی ناممکن ہے،ابھی تو ان کے ہر دلعزیز قائد اور ان کے فرزند کو شوگر سکیم میں 16 ارب کی منی ٹریل دینا ہے، احتساب کی بات ہو تو کہیں نہ کہیں سے این آر او کا اشارہ کرنا کوئی ن لیگ سے سیکھے۔