لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے انتظامیہ کو آوارہ کتوں کو مارنے سے روک دیا

Dec 11, 2024 | 11:13 AM

راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے انتظامیہ کو 24دسمبر تک آوارہ کتوں کو نہ مارنے کا حکم دیدیا اورفریقین کو نوٹس جاری کردیئے۔

نجی ٹی وی سما نیوز کے مطابق لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں آوارہ کتوں کو مارنے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی،وکیل درخواستگزارنے کہاکہ انتظامیہ نے ویکسی نیشن کے نام پر کتا مار مہم کیلئے ٹینڈر جاری کیا،5200کتوں کی ویکسی نیشن کیلئے ایک کروڑ کا ٹینڈر جاری ہوا، ٹینڈر ویکسی نیشن کیلئے نہیں کتوں کو مارنے کیلئے ہے۔درخواست میں حکومت پنجاب، لائیو سٹاک، کمشنرڈی سی سمیت دیگر فریق  بنایا گیا ہے۔

عدالت نے انتظامیہ کو 24دسمبر تک آوارہ کتوں کو نہ مارنے کا حکم دیدیا، جسٹس جواد حسن نے فریقین کو نوٹس جاری کردیئے اورایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو بھی قانونی نکات پر معاونت کیلئے نوٹس جاری  کر دیئے۔

مزیدخبریں