جناح ہاؤس حملہ تفتیش:عمران خان کی بھانجی مجرم اور 8 کارکن بے گناہ قرار

Dec 11, 2024 | 05:24 PM


لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن ) جناح ہاؤس حملہ سے متعلق جے آئی ٹی نے تفتیش میں حسان نیازی کی بہن، عمران خان کی بھانجی کو مجرم اور 8 کارکنوں کو بے گناہ قرار دے دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل کے روبرو جناح ہاؤس حملہ اور جلاو گھیراو کے مقدمے کی سماعت ہوئی، جس میں جے آئی ٹی نے اپنی تفتیش میں خواتین سمیت 8 پی ٹی آئی کارکنوں کو بے گناہ قرار دے دیا۔
جے آئی ٹی کی تفتیش میں توصیف خانم، سعدیہ ایوب، ثروت شاہد، نادرہ عمر،وحید الرحمٰن، ساجد پرنس، بلال فرحانہ فاروق کو بے گناہ قرار دیا گیا ہے، جس کے بعد ملزمان کے وکلاء کی عبوری ضمانت واپس لینے کی استدعا پر عدالت نے ضمانت کی درخواستوں کو خارج کر دیا۔
جے آئی ٹی نے اپنی تفتیش میں حسان نیازی کی بہن حاجرہ نیازی کو مجرم قرار دیا۔ تفتیش میں سیدہ فاطمہ حیدر، بینا ذیشان، رخسانہ نوید کو قصور وار پایا گیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے حاجرہ نیازی سمیت دیگر کی عبوری ضمانت میں 15 جنوری تک توسیع کر دی اور حاجرہ نیازی سمیت دیگر ملزمان کی ضمانت پر دلائل طلب کر لیے۔
دوران سماعت حاجرہ نیازی کے والد حفیظ اللہ نیازی بھی عدالت میں بیٹی کے ساتھ پیش ہوئے۔ ان کے علاوہ خواتین سمیت دیگر ملزمان بھی عبوری ضمانت کی حاضری کے لیے عدالت میں موجود تھے۔

مزیدخبریں