پیدا ہوتے ہی تین گھنٹے کی عمر میں ہسپتال سے اغوا ہونے والی خاتون 30 برس کی عمر میں چل بسی
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) برطانیہ سے تعلق رکھنے والی ایبی ہمفریز 30 برس کی عمر میں برین ٹیومر کی وجہ سے چل بسی۔
ڈیلی سٹار کے مطابق ایبی جب پیدا ہوئی تو اسے ہسپتال سے اغوا کرلیا گیا تھا۔ وہ ابھی تین ہی گھنٹے کی تھی کہ ایک خاتون نے خود کو نرس کے طور پر ظاہر کیا اور اسے اغوا کرکے لے گئی۔ یہ کیس بے بی ایبی کے نام سے مشہور ہوا اور اس نے پوری دنیا کے میڈیا کی توجہ حاصل کی۔ یہاں تک کہ لیڈی ڈیانا نے بھی ایبی کے والدین کو خط لکھ کر ان کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔
پولیس نے 16 روز کی کوششوں کے بعد آخر کار ایک گھر سے ایبی کو بازیاب کروایا۔ پولیس نے اس گھر پر تین بار چھاپے مارے اور تیسرے چھاپے میں انہیں بچی ملی جسے بعد میں والدین کے حوالے کردیا گیا۔
ایبی نے ایک بھرپور زندگی گزاری اور بطور طالب علم نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ وہ سوئمنگ کے مقابلوں میں حصہ لیتی رہی ۔ تعلیم سے فراغت کے بعد اس نے بطور فلائٹ اٹینڈنٹ نوکری کی۔ سنہ 2020 میں ایبی کی والدہ بریسٹ کینسر سے چل بسیں۔ اس کے صرف ایک سال بعد 2021 میں ایبی کو برین ٹیومر کی تشخیص ہوئی۔ ایک طویل اور انتہائی تکلیف دہ علاج کے باوجود ایبی جانبر نہ ہوسکی۔