دورۂ چین کا تیسرا روز، وزیر اعلیٰ مریم نواز کی شنگھائی میں چینی حکام سے ملاقاتیں،پنجاب میں سولر پینل مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کی پیشکش
بیجنگ +لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دور ہ چین کے تیسرے روزشنگھائی میں چینی حکام سے ملاقاتیں کیں اور دورے کیے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز سے کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کی شنگھائی کمیٹی کے ڈپٹی سیکرٹری مسٹر ژؤ ژونگ منگ(Mr. Zhu Zhongming)نے ملاقات کی۔وزیراعلی مریم نواز نے شنگھائی میں کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے میوزیم کا دورہ کیا، منہانگ ڈسٹرکٹ انڈسٹریل زون میں ہانگ چی آؤ امپورٹ کموڈڈی ایگزیبشن،ٹریڈنگ سنٹر اور جنکو سولر کمپنی کا بھی دورہ کیا-وزیر اعلیٰ نے شنگھائی بیسڈ کمپنیوں کو پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی-جنکو سولر کمپنی کوپنجاب میں سولرپینل مینوفیکچرنگ لگانے کی پیشکش اور گرین انرجی پراجیکٹس میں شرکت کی دعوت دی،کمپنی پنجاب میں سولر پینل مینوفیکچرنگ پلانٹ او رچارجنگ سٹیشن لگائے گی-
کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کی شنگھائی کمیٹی کے ڈپٹی سیکرٹری مسٹر ژؤ ژونگ منگ نے آمد پر وزیر اعلیٰ مریم نواز کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ ڈپٹی سیکرٹری مسٹر ژؤ ژونگ منگ نے پنجاب اور شنگھائی کے درمیان معاشی تعلقات کو مزید مستحق کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری،سائنس، ٹیکنالوجی،انڈسٹری اور انڈسٹری میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر ملاقات میں اکنامک اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پاکستانی طلباء اور ماہرین کو ٹریننگ اور تعلیم کے مواقع فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعلیٰ ے شنگھائی بیسڈ کمپنیوں کو پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ عالمی سطح پرشنگھائی کا فنانشل اور ٹریڈ ہب کے طور پر ابھرنا قابل تحسین امرہے۔ آٹو موبائل، آئی ٹی، سیمی کنڈکٹر اور روبوٹک سمیت دیگرشعبوں میں شنگھائی کی کمپنیوں سے اشتراک کار چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کے تعاون اور ماہرین کی کیپسٹی بلڈنگ سے پاکستان میں آئی ٹی انڈسٹری تیزی سے فروغ پارہی ہے۔ پاکستان کا آئی ٹی سیکٹرمایہ ناز صدر زی جن پنگ کے ویژن کے مطابق ترقی کرنے کی صلاحیت سے مالا مال ہے۔حکومت پنجاب شنگھائی حکام کے ساتھ آئی ٹی سیکٹر کو فروغ دینے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پاکستان اور چین نوازشریف اور شہبازشریف کے دورہ حکومت میں مزید قریب آئے اور اہل چین سے انس میرے خون میں شامل ہے۔ چائناپاکستان اکنامک کوریڈورجیسے گیم چینجر پراجیکٹ کا آغاز نوازشریف اور شہبازشریف کے دورہ حکومت میں ہی ممکن ہوا۔انہوں نے کہا کہ کئی سال کے سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے بعد پاکستان کی معیشت اور معاشی اعشاریے بڑھوتری کی طرف گامزن ہیں۔ چین کی کمپنیوں کو پنجاب میں سرمایہ کاری پر ترجیحاً سہولیات دی جائیں گی۔ڈپٹی سیکرٹری مسٹر ژؤ ژونگ منگ نے کہا کہ تجارت، سرمایہ کاری،انفراسٹرکچراور عوامی رابطے،باہمی تعلقات کو مزید مستحق کریں گے۔
بعد ازاں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شنگھائی میں کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے میوزیم کا دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کاسی پی سی میوزیم حکام نے پرتپاک استقبال کیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز اور وفد کو کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے ارتقا کی تاریخی سفر پرتفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سی پی سی میوزیم میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی بصری تاریخ دکھائی گئی اور چینی انقلاب کے روح روا ں ماوز تنگ کی جدوجہدکے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے قیام کا بصری ارتقائی سفر بھی پیش کیا گیا۔ بریفنگ میں کیمونسٹ پارٹی کے قیام سے موجود ہ صدر شی جن پنگ کے منصب سنبھالنے تک تمام تاریخی واقعات سے آگاہ کیا گیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے چینی قیادت کے مجسموں میں دلچسپی کا اظہارکیا اور چین کے قدیمی ادوارمیں زیر استعمال اشیاء کا بھی مشاہد ہ کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے چینی قیادت کے مجسماتی اجلاس کو دیکھ کر حیرت اور خوشی کااظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سی پی سی میوزیم میں ڈیجیٹل ہسٹری کو سراہا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اس موقع پر میوزیم میں رکھی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے اور انہوں نے لکھا کہ چین کی تاریخ کا بصری مشاہدہ غیر معمولی اور یادگار تجربہ ہے۔چین نے دنیا کی تاریخ کا غیر معمولی معجزہ کر دکھایا۔ سی پی سی میوزیم میں کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 130سالہ تاریخ کا بھرپور عکس نظر آتا ہے۔ کیمونسٹ پارٹی کے ارتقاء نے ناصرف چین بلکہ پوری دنیا کو بدل دیا ہے۔ناصرف پاکستانی بلکہ پوری دنیا میں چین میں آنے والی گراں قدر تبدیلی سے مستفید ہورہی ہے۔
وزیراعلی مریم نواز نے مزید کہا کہ چین کے عوام نے ترقی و خوشحالی کیلئے قابل تقلید کاوشیں کیں۔ چین نے ثابت کر دیا اگر قیادت مخلص ہو اور ترقی کا عزم پختہ ہو تو کوئی طاقت ترقی سے نہیں روک سکتی۔ چین کی ترقی اور خوشحالی ترقی پذیر ممالک کے لئے قابل تقلید ماڈل ہے۔ ترقی کے سفر میں چین سے ملکر آگے بڑھیں گے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سی پی سی کی پہلی نیشنل کانگریس کی سائٹ بھی دیکھی اور میوزیم میں دیوار گیر میورل کے سامنے تصاویر بھی بنوائیں۔ سی پی سی میوزیم میں چین اور شنگھائی شہر کی تاریخی اور چینی کمیونسٹ پارٹی کی بنیاد کے واقعات کے بارے میں تاریخی حقائق کو یکجا کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے منہانگ ڈسٹرکٹ انڈسٹریل زون کا دورہ بھی کیا، ہانگ چی آؤ، امپورٹ کموڈیٹی، ایگزی بیشن اور ٹریڈنگ سنٹر کا معائنہ کیا-وزیراعلیٰ نے نمائش میں رکھی مصنوعات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور نمائش میں پاکستانی سٹال کا بھی دورہ کیا-وزیراعلیٰ کو نمائش کے مختلف شعبوں کے بارے میں بتایا گیا-وزیر اعلیٰ نے ای کامرس کے شعبے میں گہری دلچسپی کا اظہارکیا-
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ہانگ چی آؤ امپورٹ نمائش اینڈ ٹریڈ سنٹر میں قائم پاکستانی پویلین کا بھی دورہ کیا-وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پاکستانی پویلین میں پاکستان کی مصنوعات کی مارکیٹنگ کرنے والے نوجوان تاجر سے ملاقات پرمسرت کااظہار کیا-وزیراعلیٰ نے پنجاب کے حکام کو ای کامرس کی سٹڈی کرنے اور پنجاب میں ای کامرس کے فروغ کیلئے اقدامات کی ہدایت کی- وزیراعلی مریم نواز نے کہاکہ نوازشریف آئی ٹی سٹی کے قیام کا مقصد پنجاب میں آئی ٹی پروڈکٹ کا فروغ ہے۔ نوازشریف آئی ٹی سٹی میں ای کامرس کے فروغ کیلئے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے شنگھائی میں جِنکو سولر کمپنی کا دورہ کیا-وزیر اعلیٰ اور انکی ٹیم کو جنکو کمپنی کی سولر ٹیکنالوجی اور معیاری سولر مصنوعات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی-چین اور پنجاب کے درمیان سولر ٹیکنالوجی کی منتقلی اور معلومات کے تبادلے پر زور دیا گیا-وزیراعلی نے جنکو سولر کمپنی کو پنجاب میں مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کی پیشکش کی -وزیراعلیٰ کی ہدایت پر حکومت پنجاب کی ٹیم سولر مینوفیکچرنگ پلانٹ کے لیے ورکنگ اور معاونت کرے گی -وزیراعلیٰ کی ترغیب پر جنکو سولر کمپنی پنجاب میں چارجنگ سٹیشن بھی قائم کرے گی -وزیر اعلیٰ مریم نواز نے جِنکو سولر کو پنجاب میں گرین انرجی منصوبوں میں شراکت داری کی دعوت دی-وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پنجاب میں قابلِ تجدید اور سستی سولر انرجی کے منصوبے کے عزم کا اظہار کیا اور جنکو کمپنی کو سولر ٹیکنالوجی میں جدت کے فروغ کی کوششوں کو سراہا- وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ پنجاب میں عوام کے لئے سولر پینل میگا پراجیکٹ شروع ہوچکا ہے۔ توانائی کی طلب اور ماحولیاتی مسائل کے پیشِ نظر پنجاب کے لیے سولر انرجی اہم ضرورت ہے۔ پاکستان، خصوصاً پنجاب میں شمسی توانائی کی پیداوار کے بہترین مواقع موجود ہیں۔سولر توانائی استعمال میں لا کر روایتی ایندھن پر انحصار کم کریں گے۔ سولر انرجی سے بجلی کے اخراجات میں کمی اور ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کو بھی کم کر سکتے ہیں۔
وزیراعلی مریم نواز نے کہاکہ حکومت پنجاب عوام کو سستی اور پائیدار توانائی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ عوامی اداروں، رہائشی علاقوں اور دیہی کمیونٹیز کو سولر انرجی فراہم کریں گے۔ پنجاب کو قابلِ تجدید توانائی کا مرکز بنانا ہمارا عزم ہے۔