لاہور: جیولری مارکیٹ کا تاجر دکانداروں کا امانت کے طور پر رکھوایا گیا 20 کلو سونا لے کر رفو چکر، 60 لاکھ کی کمیٹی بھی لے گیا
سورس: Representational Image
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) جیولری مارکیٹ کا ایک تاجر مبینہ طور پر دکانداروں کی طرف سے امانت کے طور پر رکھوایا گیا ایک ارب روپے مالیت کا سونا لے کر رفو چکر ہوگیا۔
پولیس نے بتایا کہ اچھرہ کی جیولری مارکیٹ میں متعدد جیولرز نے شیخ وسیم اختر نامی تاجر کے پاس اپنا سونا امانتاً رکھوایا تھا لیکن شیخ وسیم کئی روز سے دکان پر نہیں آیا تو تاجروں نے تالے توڑ کر لاکر چیک کیا۔لاکر کھولا گیا تو 20 کلو سے زائد سونا غائب تھا۔ غائب شدہ سونے کی مالیت تقریباً ایک ارب روپے ہے ۔ متاثرہ دکان دار نے بتایا کہ شیخ وسیم نامی تاجر 60 لاکھ کی کمیٹی بھی لے گیا۔
متاثرین میں سے ایک دکان دار محمد احمد نے واقعے کی درخواست اچھرہ تھانے میں جمع کرا دی ہے، جس کے بعد پولیس نے معاملے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی ہے۔
