قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا کرکٹ معاملات پر اظہار اطمینان

قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا کرکٹ معاملات پر اظہار اطمینان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( سپورٹس رپورٹر)سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی ،میڈیا رائٹس ،ورلڈ کپ کے لئے قومی ٹیم کی تیاریوں ،بائیو میٹرک لیب کی تعمیر،محمد حفیظ اوور سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن کی بہتری ، اور کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہارکیا ہے اور کہا ہے کہ پی سی بی کے معاملات میں مزید بہتری کی ضرورت ہے ۔سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی وزارت کا اجلاس نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں چیئرپرسن سینیٹر فرح عقیل کی سربراہی میں ہوا جس میں سینیٹرڈاکٹر سعیدہ اقبال ،سینیٹر محمد یوسف ،چیئرمین پی سی بی شہر یار خان ،چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد ،ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ انتخاب عالم ،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ہارون الرشید نے بھی شرکت کی ۔اجلاس میں پی سی بی کی طرف سے گراس روٹ اور سکول کی سطح پر کرکٹ کی ترقی ،نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں نکھار لانے کے لئے اقدامات ،سعید اجمل اور محمد حفیظ کی بولنگ ایکشن کی درستگی ، پاک بھارت سیریز کی بحالی ،پی سی بی میں ملازمین کی تعداد اور رائٹ سائزنگ سمیت دیگر معاملات پر قائمہ کمیٹی کے اراکین کو بریفنگ دی گئی ۔ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ہارون الرشید نے کمیٹی کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی ،ڈومیسٹک کرکٹ ،ویمن کرکٹ کی ترقی کے لئے کیئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا،انہوں نے بتایا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں غیر ممالک کی ٹیمیں بھی معاوضہ دے کر کرکٹ ٹریننگ حاصل کرتی ہیں جبکہ ملک بھر سے ٹیلنٹڈ کھلاڑیوں کو ڈھونڈ کر اکیڈمی میں ان کی صلاحیتوں میں نکھار لایا جاتا ہے ۔