کرکٹ ورلڈ کپ 2015ء کی افتتاحی تقریبات کل منعقد ہونگی

کرکٹ ورلڈ کپ 2015ء کی افتتاحی تقریبات کل منعقد ہونگی

میلبورن/کرائسٹ چرچ ( نیٹ نیوز)آئی سی سی 2015 کرکٹ ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریبات کل ہوں گی۔میلبورن اور کرائسٹ چرچ دو افتتاحی تقریبات کی میزبانی کریں گے۔جس میں شائقین کا داخلہ مفت ہوگا۔عالمی میلے کی افتتاحی رنگا رنگ تقریبات مشترکہ طور پر آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں 12 فروری کو منعقد ہوں گی جبکہ عالمی کپ کا با ضابطہ طور پر آغاز 14 فروری سے ہو گااور14ٹیمیں ایکشن میں نظر آئینگی۔ دفاعی چیمپئن بھارت ٹائٹل کا دفاع کرے گا۔ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ مشترکہ طور پر میگا ایونٹ کی میزبانی کر رہے ہیں اسلئے دونوں ممالک میں علیحدہ علیحدہ افتتاحی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔آسٹریلیا نے تقریب کیلئے میلبورن اور نیوزی لینڈ نے کرائسٹ چرچ کا انتخاب کیا ہے۔ آسٹریلیا میں ہونے والی تقریب میں لیجنڈ کرکٹرز سمیت دیگر اعلی شخصیات شرکت کریں گی اور اس موقع پر موسیقی سمیت کئی پروگرام بھی پیش کئے جائیں گے۔ تقریب میں شائقین مفت شرکت کر سکیں گے۔ نیوزی لینڈ کے کرائسٹ چرچ میں شیڈول افتتاحی تقریب میں بھی بورڈ حکام سمیت ا سٹیفن فلیمنگ ،رچرڈ ہیڈلی اوربرینڈن میک کولم بھی شرکت کریں گے۔اس ضمن میں آئی سی سی ورلڈ کپ کے چیف ایگزیکٹو جان ہرنینڈن کا کہنا ہے کہ میلبورن 23سال بعد بارعالمی کپ کی میزبانی کرے گا اس سلسلے میں تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور امید ہے کہ کرکٹ کی تاریخ میں ان تقریبات کا یاد رکھا جائے گا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی