سپورٹس بورڈ کے ہیڈ آفس میں ای لائبریری کمپلیکس قائم کرنے کا فیصلہ
لاہور ( جنرل رپورٹر) حکومت پنجاب نے سپورٹس بورڈپنجاب کے ہیڈآفس لاہورمیں ای ۔لائبریری کمپلیکس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لئے ابتدائی کام مکمل کر لیا گیا ہے۔اس پراجیکٹ کے تحت پہلے مرحلے میں لاہور،فیصل آباد،ملتان،بہاولپور،سرگودھا،ساہیوال،ٹوبہ ٹیک سنگھ اورگجرات سمیت صوبے کے 13اضلاع میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے ہر ضلع کی بڑی گراؤنڈ میں بھی موبائل ای۔لائبریریاں قائم ہوں گی۔یہ بات صوبائی وزیر تعلیم وکھیل رانا مشہود احمد خاں نے گزشتہ روز ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتائی۔پنجاب کری کلم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈکے نئے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل(ر) محمد اکرم خاں ،سیکرٹری آرکائیوز اینڈ لائبریریز پنجاب اوریا مقبول جان،ڈائریکٹر جنرل لائبریریزڈاکٹر نصیر احمد بابر،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور،آئی ٹی یونیورسٹی ،کام سیٹس لاہور،پنجاب یونیورسٹی ،محکمہ سکول ایجوکیشن،لوکل گورنمنٹ اور جی سی یونیورسٹی کے متعلقہ سینئر افسران نے شرکت کی۔رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ موبائل ای۔ لائبریریوں کا قیام پرانی بسوں میں کیا جائے گا۔لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی سے بسوں کے حصول کے لئے بات چیت حتمی مراحل میں ہے۔سپورٹس بورڈ پنجاب ان بسوں کی ضروری تزئین وآرائش کے بعد انہیں موبائل لائبریریوں کی شکل دے گا۔